غیر آئینی طاقتوں نے غریب کا گلا گھونٹ رکھا ہے: نواز شریف

  • اتوار 06 / دسمبر / 2020
  • 4160

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی منتخب وزیراعظم کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ غیر آئینی طاقتوں نے آزادی اظہار اور غریب کا گلا گھونٹ رکھا ہے۔

لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ونگ کے ورکر مجھے بہت عزیز ہیں کیونکہ آپ نے 2017 سے اب تک ملک کو لاحق مشکل ترین وقت میں اور ووٹ کی عزت کی بحالی کے لیے بے دریغ قربانی دی۔ اور ففتھ جنریشن وار کے نام پر تیار کی گئی ٹرولز کی فورس کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے خائف ہو کر کنٹرولڈ میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا ہوتا ہے کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک کو کمزور کرنے والی قوتوں کو مضبوط کر رہا ہے۔ انہی غیر آئینی طاقتوں نے پاکستان میں آزادی اظہار اور غریب کا گلا گھونٹ رکھا ہے۔ انہی قوتوں نے لوگوں کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں کہ سوشل میڈیا کی جنگ میں تہذیب اور اخلاقیات کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا، آپ اپنے عزم میں قائم رہے تو ہم ووٹ کو عزت دلانے میں ضرور سرخرو ہوں گے۔ عوامی شعور کی بیداری سے آمروں اور آمریت کا زوال پہلے ہی شروع ہوچکا ہے لیکن دوسری غیر جمہوری قوتیں بھی اس بات سے بے خبر نہیں ہیں۔ وہ کئی عشروں پر محیط اپنی جابرانہ اجارہ داری کو اتنی آسانی سے ختم نہیں ہونے دیں گی۔ سوشل میڈیا پر مزید قدغن لگانے کے لیے مہم شروع کردی گیہ ہے۔ لیکن حق سچ کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میرا قصور صرف یہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو کی مشعل تھامے 22 کروڑ عوام کو اصول کی راہ پر لے کر چل نکلا ہوں۔  میرا قصور یہ ہے کہ میں ان چند کرداروں کو اصلاح احوال کی دعوت دے رہا ہوں جن کی نظر میں آئین و قانون کی عزت نہ کبھی تھی اور نہ آج ہے۔ میں پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو خراج تحسین پیش کرکے چند آئین شکنوں کو بے نقاب کر رہا ہوں۔ اور اکا دکا کرداروں کا نام  سامنے لے آکر آرہا ہوں جو ہمیشہ پردے کے پیچھے بیٹھ کر کھیل کھیلتے ہیں، سازشیں کرتے ہیں اور سامنے نہیں آتے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کیا ان آئین شکنوں کو بے نقاب کرنا غداری، بغاوت، جرم ہے؟ ریاست کے اوپر ریاست بنانے کا منصوبہ کرنے والے کرداروں کو بے نقاب کرنا بغاوت ہے، عوام کا پیسہ چوری کرکے امریکا میں سلطنت بنانے والوں کا نام لینا بغاوت ہے۔ عاصم سلیم باجوہ نے پیسہ لوٹ کر امریکا میں سلطنت قائم کی کیا ان کا نام لینا بغاوت ہے۔

سابق وایراعظم نے کہا کہ اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا یہ قائد اعظم کا پاکستان ہے۔ آج اب تک کسی بھی منتخب وزیراعظم کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہر چند سال بعد جمہوریت پر شب خون مار کر مارشل لا لگادیا گیا اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نافذ کردیا گیا۔ بار بار آئین کی دھجیاں بکھیری گئیں اور انتخابات میں کبھی بکسے چوری اور کبھی آر ٹی ایس کی بندش سے عوام کے ووٹ کو چوری کیا گیا۔ ملک بنانے والوں کو غدار کہا گیا اور عوام کی مقبول قیادت کو ہتھکڑیاں لگا کر جیلوں میں ڈال دیا گیا اور رہبروں کو رہزن بنایا گیا۔

نواز شریف نے کارکنوں سے کہا کہ ہم بے خوف ہو کر حق اور سچ کے چراغ روشن کرتے رہیں گے، غیر آئینی طاقتوں کے ان داغ دار چہروں کو بے نقاب کرتے رہیں گے اور اگر آپ نے ایسا کردیا تو میرا آپ سے وعدہ ہے کہ یہ تاریک شب جلد ختم ہونے کو ہے اور وہ صبح جلد طلوع ہوگی جس میں ووٹ کو عزت ملے گی۔