پشاور میں آکسیجن نہ ملنے سے کورونا کے سات مریض ہلاک ہوگئے

  • اتوار 06 / دسمبر / 2020
  • 5310

خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کے تین بڑے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کے باعث کورونا وائرس سے متاثرہ سات مریض دم توڑ گئے۔

ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔ اسپتال کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ کو ہلاکتوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کو آکسیجن کی متواتر سپلائی بحال نہ رہ سکی، جس کے سبب مریض دم توڑ گئے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے سبب دیگر وارڈز کے مریض بھی متاثر ہوئے ہیں۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپتال کو قریبی شہر راولپنڈی سے آکسیجن فراہم کی جاتی ہے اور راولپنڈی سے آکسیجن کے سلنڈر بروقت نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ سردی کے سبب مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے۔ آکسیجن سیلنڈر کی تاخیر سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے سرکاری طور پر جاری کردہ بیان میں اس واقع کا نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات کامران بنگش نے ایک ویڈیو پیغام میں چھ مریضوں کی آکسیجن نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وزیر صحت نے تحقیقات کرنے اور 48 گھنٹوں کے اندر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تحقیقات کی روشنی میں ذمہ دار افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیرصحت کی ہدایت کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے گی۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال ایک خود مختار اسپتال ہے۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر صحت تیمور جھگڑا کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ واقع کی تحقیقات کریں اور 48 گھنٹوں میں ایکشن لیں۔

خیبر پختونخوا کے مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سوشل میڈیا پر ان ہلاکتوں پر غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے  مزید 58 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 8 ہزار 361 ہو گئی ہے۔