حکومت کورونا ویکسینز کیلئے چین، روس سے بات کر رہی ہے: ڈاکٹر فیصل سلطان
- سوموار 07 / دسمبر / 2020
- 8560
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ حکام کورونا وائرس ویکسین کے حصول کے لیے چین، روس سمیت دیگر ممالک سے بات چیت کر رہے ہیں۔
ترک نیوز ایجنسی 'انادولو' سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ویکسین، پاکستان میں آئندہ سال جنوری سے مارچ کے درمیان میں دستیاب ہوجائے گی اور پہلے مرحلے میں طبی عملے اور زیادہ عمر کے افراد کو دی جائے گی۔ ابھی کچھ حتمی نہیں ہے تاہم میں آپ کو یہ بتا سکتا ہوں کہ ہمیں ایک ذریعے سے زیادہ پر انحصار کرنا ہوگا۔
روس نے ملکی سطح پر اپنی تیار کردہ 'اسپوتنک فائیو' ویکسین کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے۔ چین کئی ممالک میں اپنی ویکسینز کی ٹیسٹنگ کر رہا ہے اور سپلائی کے معاہدوں پر دستخط ہوچکے ہیں۔ دیگر ویکسینز، جن کے استمال کے لیے ہنگامی طور پر اجازت مانگی گئی ہے، وہ فائزر، موڈرنا اور آکسفورڈ ویکسین ہیں۔ حکومت پاکستان نے کورونا ویکسین کے لیے ابتدائی طور پر 15 کروڑ ڈالر مختص کئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے بتایا تھا کہ حکومت نے عوام کو کورونا وائرس کی ویکسین بالکل مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا آغاز 2021 کی دوسری سہ ماہی میں ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے کیسز اور اموات تیزی سے بڑھ رہی ہیں جبکہ حکام کی جانب سے حفاظتی اصولوں کو اپنانے پر زور دیا جارہا ہے تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو کم کیا جائے۔