لاہور کا جلسہ ہر قیمت پر ہوگا: اپوزیشن

  • سوموار 07 / دسمبر / 2020
  • 5600

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے اجازت نہ دینے کے باوجود بھی 13 دسمبر کو لاہور میں ہر قیمت پر جلسہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پریس کانفرنس مین کہا گیا کہ اگر قیادت نے استعفوں کا فیصلہ کیا تو ایسا ہی ہوگا۔ حکومت استعفوں کی صورت ضمنی انتخابات مین پناہ نہیں لے سکے گی۔ پی ڈی ایم میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی  کے رہنما قمر زمان کائرہ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر رانا ثنااللہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد سیف اللہ اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس منعقد کی۔

پارلیمنٹ سے استعفوں کے حوالے سے ایک سوال پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ استعفے جب ہوں گے تو اس کے بعد یہ بھول جائیں کہ پھر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ استعفے دے کر ہم گھروں میں جا کر نہیں بیٹھنا۔ ہم استعفے دے کر ملک کو ڈوبنے نہین دیں گے۔  انہوں نے کہا کہ فیصلہ قیادت کو کرنا ہے۔ جب قیادت فیصلہ کرے گی تو اتعفے دیے جائیں گے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ہم جمہوریت کے حامی ہیں۔  ہم اس ملک سے فاشزم کا خاتمہ کرکے فعال جمہوریت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے مطالبات بہت سادہ ہیں۔ اس ملک کو آئین کے تحت چلایا جائے، سیاست میں ادارہ جاتی مداخلت ختم کی جائے اور انتخابات میں مداخلت نہ کریں۔ جس کا جو مینڈیٹ ہے اس کو وہ دیا جائے۔ ان مطالبات سے پیچھے ہٹنا ممکن نہیں۔

استعفوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سارے آپشن موجود ہیں اورجب وقت آئے گا قیادت بیٹھ کر فیصلے کرے گی۔ انہوں نے فیصلہ کیا جلسے ہوں گے تو جلسے ہورہے ہیں، جب وہ سمجھیں گے کہ اب ہمیں استعفے دینے کا وقت ہے تو ہم استعفے دیں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومتی اتحاد اور اپوزیشن کا اسمبلی میں معمولی فرق ہے۔ اگر آدھی اسمبلی ختم ہوتی ہے تو ضمنی انتخابات کی صرف بڑھکیں ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو جلسے سے روکنے کے لیے اپنے حربے تبدیل کردیے ہیں۔ وزیراعظم کو معلوم نہیں ہے کہ یہ چیزیں ریلی کو روک نہیں سکتیں۔ مارشل لا میں سخت اقدامات کیے جاتے تھے لیکن ریلیاں اور تحریکیں رکتی نہیں تھیں۔ پاکستان کے عوام اس حکومت کی کارکردگی سے تنگ آگئے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ انہیں گھر بھیج دیا جائے کیونکہ یہ حکومت فاشسٹ ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اس دور میں کیچڑ اچھالنے کی روایت ڈالی گئی ہےجس کی مثال اس سے پہلے نہیں ملتی ۔ پی ڈی ایم نے حالات کا جائزہ لیا اور لاہور میں ہونے والے جلسے کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ پی ڈی ایم کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ 13 دسمبر کا جلسہ ضرور ہوگا۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اتحاد میں شامل جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس کل ہوگا اور جلسے کا مقام کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ لاکھوں کی تعداد میں شہری لاہور کے جلسے میں شریک ہوں گے۔