اپوزیشن ارکان 31 دسمبر استعفے پارٹی قیادت کو جمع کردادیں گے: مولانا فضل الرحمان

  • منگل 08 / دسمبر / 2020
  • 4630

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی اس ماہ کے آخر تک اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کروادیں گے۔ اس  کا اعلان پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے آج اپوزیشن اتحاد کے اجلاس کے بعد کیا ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں تمام سربراہان نے اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کا موقف پیش کیا۔  انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ’ملتان سے بھی برا حشر‘ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم تحریک دھاندلی کے پورے نظام کے خلاف ہے۔ ’اب وہ ہم سے ڈائیلاگ نہیں بلکہ این آر او مانگ رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر تک تمام پارٹیوں کے ارکان پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کروا دیں گے جو لانگ مارچ کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے جائیں گے۔  منگل کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری، مسلم لیگ ن کے بانی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بدھ کو ہونے والے سٹیرنگ کمیٹی اجلاس میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ طے کی جائے گی اور ملک میں پہیہ جام ہڑتال، شٹر ڈاؤن کا شیڈول طے ہوگا۔ اجلاس میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں جلسوں اور مظاہروں کا شیڈول بھی طے کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تحریک سے فرق پڑ چکا ہے، کرسی ہل چکی ہے اور اب ایک دھکا دینے کی ضرورت ہے۔ لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا اور حکومت کے لیے آخری کیل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'جو مولانا صاحب نے بات کردی، ہم سب کی بات وہی ہے۔'

20 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز میں حکومت کے خلاف تحریک کے لئے  پی ڈی ایم  تشکیل دی گئی تھی۔