حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر جمہوری حربہ استعمال کریں گے: پی ڈی ایم

  • بدھ 09 / دسمبر / 2020
  • 6180

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے لاہور میں ہرقیمت جلسہ کرنے کا عزم دہرایا ہے۔ اور کہا ہے کہ اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ہم ہر حربہ استعمال کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اس وقت پنجاب حکومت جلسہ گاہ مینار پاکستان کو حصاربند کر رہی ہے تاکہ وہاں جلسہ نہ ہوسکے۔ ایک طرف کہتے ہیں ہم جلسے کو نہیں روکیں گے لیکن اجازت بھی نہیں دے رہے۔ پھر جہاں ہم جلسہ کر رہے ہیں اس کو ڈیم بھی بنا دیا ہے۔ ہم نے جلسہ گاہ کے متبادل پر بات کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم طے کیا ہے کہ جلسہ ہو کر رہے گا اور ہر قیمت پر لوگ اس جلسے میں آئیں گے۔ 13 دسمبر ایک تاریخی دن ہوگا۔ اس پر اتفاق ہے کہ اگر انہوں نے ایک راستہ روکا تو دوسرا راستہ بنانا ہے اور دوسرا راستہ روکا تو تیسرا راستہ بنانا ہے۔

استعفوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ چہ میگوئیوں سے تحریک کو تقویت ملتی ہے۔ اسٹیرنگ کمیٹی میں شٹر ڈاؤن، پہیہ جام ہڑتال، جلوس اور اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں حکمت عملی بھی واضح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت نہیں ہے بلکہ آمریت کا ایک مہرہ ہے، جس نے جمہوریت کو دفن کردیا ہے۔ ہم نے جمہوریت کے احیا، جمہوریت کی بقا اور آئین کے تحت حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ حکومت کی بات کرنی ہے۔ ہم اس حکومت کو نہ عوام کی نمائندہ سمجھتے ہیں اور نہ ہی آئینی اور جمہوری حکومت تسلیم کرتے ہیں۔ اب بھی اسٹبلشمنٹ ان کی محافظ بنی ہوئی ہے۔ جب اسٹبلشمنٹ اس طرح کی ایک ناجائز حکومت کی محافظ بنی رہے گی تو کس طرح اس نظام کو جمہوری کہہ سکتے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے ٹوٹنے سے سینیٹ کے الیکٹورل کالج ٹوٹنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں موجود اسمبلیوں کے ذرریعے سینیٹ کے اگلے انتخابات ہوں گے تو ظاہر ہے وہ جعلی قسم کے ہوں گے اور اس کے الیکٹورل کو توڑنا ایک جمہوری اور آئینی عمل کا حصہ تصور کریں گے۔

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی  کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی کی سیاست سڑکوں پر شروع ہوئی تھی اور ہر آمرانہ دور کا مقابلہ کیا ہے اور آج بھی ہم سب مقابلہ کریں گے۔ ہم سب عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجنے کے لیے نکلے ہیں۔ اس میں پی پی پی مولانا فضل الرحمٰن اور مریم نواز سمیت تمام 11 جماعتیں ایک صفحے اور ایک اسٹیج پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ہر طریقہ استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔