کورونا وائرس سے احتیاط نہ کی تو سردیاں گزارنا بہت مشکل ہو جائے گا: وزیراعظم
- بدھ 09 / دسمبر / 2020
- 3890
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی بڑھتی لہر کے پیش نظر اگر ہم نے صحیح معنوں میں احتیاط نہیں کی تو یہ سردیاں ہمارے لیے بہت مشکل ہوں گی۔
سیالکوٹ میں نجی ایئرلائن ایئرسیال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ کورونا وائرس کی وبا جب پھیلی تو یہ مشکل وقت تھا اور پوری دنیا نے ایک مشکل فیصلہ کرنا تھا کیونکہ اس وائرس کو روکنے کا بہترین طریقہ لاک ڈاؤن ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمارے پر بہت کرم کیا ۔ پہلی لہر میں پاکستان کورونا وائرس سے نکل آیا۔ اس میں عوام نے ہمارے ساتھ تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے جو اپوزشین مجھ پر مکمل لاک ڈاؤن نہ کرنے پر تنقید کررہی تھی اور بھارت کی مثال دیتی تھی کہ نریندر مودی نے بھارت میں کس طرح لاک ڈاؤن کیا۔ وہی آج جلسے جلوس کرتے پھرتے ہیں جبکہ کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ اگر ہم نے صحیح معنوں میں احتیاط نہیں کی تو یہ سردیاں ہمارے لیے بہت مشکل ہوں گی۔ ہم ابھی سے احتیاط کریں تو سردی میں اپنے ملک، صنعت اور لوگوں کو بچا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر لوگوں کو ماسک پہننے کی تاکید کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایئرسیال کا افتتاح تو ایک بہانہ ہے اصل میں میں یہاں کی کاروباری برادری سے ملنا چاہتا تھا۔ انہوں نے یہ ایئرپورٹ بنایا جو بہت شانداد ایئرپورٹ ہے۔ اب اپنی ایئرلائن بنانے کا اقدام بہت اچھا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ ایک مثالی ایئرلائن بنے گی۔ اس ایئرلائن سے سیالکوٹ سمیت پاکستان کا ہر طرح سے فائدہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیر حماد اظہر اور مشیر رزاق داؤد نے تاجر برادری سے مسلسل رابطہ رکھا ہے، یہ مجھ سے رابطے میں رہتے ہیں اور کاروباری برادری کے مسائل سے مجھے آگاہ کرتے ہیں۔ ہماری پوری کوشش ہے کاروباری برادری کو مکمل سہولت فراہم کی جائے تاکہ پاکستان میں پھر سے صنعت کاری شروع ہو۔
انہوں نے کہا کہ میری حکومت کا سب سے بڑا مقصد ہے کہ لوگوں کو غربت سے نکالا جائے اور پسماندہ علاقوں پر خاص توجہ دی جائے۔ گلگت بلتستان، بلوچستان، سابق قبائلی علاقے، پنجاب کے کچھ ضلع پیچھے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی ہمیشہ وسیع پیمانے پر ہوتی ہے۔ اگر آپ ایک علاقے کو ترقی دیں اور باقی ملک پیچھے رہ جائے تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ نہ ہی وہ ملک ترقی کرسکتا ہے جہاں چھوٹا سا طبقہ امیر ہوجائے اور باقی ملک غریب ہو۔