لاہور سے بھارتی خفیہ ایجنسی کی سرپرستی میں چلنے والا دہشت گرد نیٹ ورک پکڑا گیا

  • جمعرات 10 / دسمبر / 2020
  • 7860

سیکیورٹی ایجنسیز نے ایک مشترکہ آپریشن میں بھارتی خفیہ ایجنسی کی سرپرستی میں چلنے والے ایک دہشت گرد نیٹ ورک کو پکڑ لیا ہے۔

پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی اور ملک کی سب سے بڑی خفیہ ایجنسی کے انسداد دہشت گردی ونگ نے بدھ کی سہ پہر 3 بجے شاہدرہ میں ایک گودام سے 5 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب کچھ گھنٹے بعد دہشت گرد سول سیکریٹریٹ میں دھماکہ کرنے والے تھے۔

مشتبہ افراد کے موبائل فونز کے فرانزک جائزے میں ان کے افغانستان میں موجود بھارتی را کے ان حکام سے رابطوں کا انکشاف ہوا جو منصوبے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ تھے۔  سی ٹی ڈی ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ مشترکہ آپریشن کا آغاز 6 ماہ قبل جون میں ہؤا تھا۔ حکام کو مشکوک سرگرمیوں پتہ چلا تھا۔  ملزمان افغان پناہ گزینوں کے بچے ہیں۔ ان کا تعلق جلال آباد، افغانستان سے ہے لیکن یہ پاکستان میں بڑے ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہوں نے آخری مرتبہ تقریباً 2 ماہ قبل افغانستان کا دورہ کیا تھا اور وہاں سے واپسی کے بعد شاہدرہ میں رہنا شروع کردیا تھا۔ انہوں نے سول سیکریٹریٹ، لاہور ہائیکورٹ اور مال روڈ پر ایک چرچ کی ریکی بھی کی تھی۔ ان مقامات کی تصاویر اور ویڈیو بھی بنائی تھیں۔ ان کا افغانستان میں اپنے سرغنہ سے مسلسل رابطہ تھا۔