اپوزیشن لوگوں کی جانوں سے نہ کھیلے، جلسے مؤخر کئے جائیں: وزیراعظم
- جمعرات 10 / دسمبر / 2020
- 4620
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو اپنے جلسے دو تین مہینے مؤخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا سے لوگوں کی جان کو خطرہ ہے اس لیے احتیاط کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا اسی شرح سے پھیلتا گیا تو ہمارے ہسپتال بھر جائیں گے۔ ملتان میں جلسہ ہوا، جس کے بعد ملتان میں 64 فیصد بستر بھرے ہوئے ہیں۔ پشاور میں 40 فیصد اور اسلام آباد میں تقریباً 50 فیصد بستر مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ پورے پاکستان میں تقریباً 40 فیصد کورونا کے بستروں اور وینٹی لیٹر پر مریض آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز بڑھتے جا رہے ہیں اور سردی بھی بڑھ رہی ہے۔ زیادہ لوگ جمع ہوتے ہیں تو کورونا زیادہ پھیلتا ہے لیکن کھلی فضا میں کم خطرہ ہوتا ہے۔ سردیوں میں کورونا کے پھیلنے کے خطرات بڑھتے جائیں گے۔ اسی شرح سے مریض بڑھتے گئے تو ہمارے ہسپتال بھر جائیں گے۔ امریکا اور یورپ جیسے ممالک میں وسائل زیادہ ہیں پھر بھی خطرات ہیں یہاں تو بہت مشکل حالات ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے ہم ساری قوم مل کر احتیاط کریں اور ایس او پیز پر چلیں۔ سب سے بڑا ایس او پی ماسک پہننا ہے، اس سے کورونا کے پھیلنے کے خطرات کم ہیں۔ ہمیں پتہ ہے لوگ جمع ہوں گے تو کورونا پھیلے گا۔ میں سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جلسے جلوس سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن لوگوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور اسکول بند کر دیے ہیں۔ جب یہ سب لوگ اور علمائے کرام مجھ سے بات کرتے ہیں کہ آپ نے لوگوں کا روزگار اور مساجد کو بند کردیا ہے لیکن جلسے ہو رہے ہیں تو پھر ہمارے لیے مشکل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی لہر میں ہم اسی لیے بچے تھے کہ ہم سب نے ایس او پیز پر عمل کیا تھا اور اللہ نے بچایا تھا اس لیے اب بھی ایس او پیز پر عمل کریں۔ جلسے جلوس سے مجھ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے مجھے کوئی دباؤ نہیں پڑے گا بلکہ یہ لیڈر لوگوں کی جان سے کھیل رہے ہیں اور انہیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔