پاکستان اور عالمی اداروں کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا مہم کی مذمت
- جمعرات 10 / دسمبر / 2020
- 5630
دفترخارجہ نے پاکستان اور بین الاقوامی اداروں کو بدنام کرنے کی بھارت کی وسیع پیمانے پر پروپیگنڈا مہم کی شدید مذمت کی ہے اور اسے شرمناک ہتھکنڈا قرار دیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ یورپی یونین کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 15 برس سے بھارت جعلی خبروں کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں ملوث تھا۔ اس نیٹ ورک کو سری واستو گروپ اور اے این آئی نیوز ایجنسی مل کر چلا رہے تھے۔ بہت سی فوت شدہ عالمی شخصیات کے ناموں کو بحارتی نیٹ ورک اپنے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔
اس مقصد کے لیے بھارت بہت سی جعلی این جی اوز کے نام بھی استعمال کر رہا تھا۔ بھارت ان شرپسندانہ حرکات کے باوجود پاکستان کے نام اور ساکھ کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈا مہم بھارت کے پاکستان کے خلاف مہم کا حصہ ہے۔ یورپی یونین میں بھارت کے پاکستان مخالف جعلی خبریں، جعلی میڈیا سائٹس اور پروپیگنڈا ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ ایک ریاست سائبر اسپیس، انٹرنیٹ اور میڈیا کو ایک ملک کے خلاف اپنی دشمنی کے فروغ کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم اس معاملے کو تمام ممکنہ پلیٹ فارمز پر اٹھائیں گے۔ بھارت اس وقت عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سامنے مکمل طور پر برہنہ ہو چکا ہے۔ بھارت اقلیتوں کے ساتھ مظالم کے ذریعے خطے کے امن و استحکام کی کوئی خدمت نہیں کر رہا۔ بھارت کے سکھوں کے ساتھ سلوک اور مسلم مخالف قانون سازی کو عالمی برادری دیکھ رہی ہے۔ عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ صفر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ساری کوششیں اس لیے ناکام ہوئی ہیں کیونکہ پاکستان پہلے ہی ناقابل تردید ثبوت اور دستاویزات پیش کر چکا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھارت منظم منصوبہ بندی، فنڈنگ اور دہشت گردوں کو ابھارتا ہے۔ نئی رپورٹ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتی ہے اور پاکستان کو سچا ثابت کر رہی ہے۔
انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ پڑوسی ممالک کے خلاف پروپیگنڈا مہم کو ریاستی پالیسی کے طور پر ترک کیا جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ایک ٹوئٹر بیان میں کہا کہ حیرت کی کوئی بات نہیں ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا بھارت کا جعلی خبروں کا نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے۔ 15 سالہ جعلی معلومات پر مبنی مہم کو عالمی سطح پر فیصلہ سازی میں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا۔
خیال رہے کہ یورپی گروپ ڈس انفو لیب نے غلط معلومات پھیلانے والے ایسے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا جو 2005 سے ایسے ممالک، جن کے دہلی کے ساتھ اختلافات ہوں بالخصوص پاکستان، کو بدنام کرنے کے لیے کام کررہا تھا۔ یورپی یونین کی ڈِس انفو لیب نے 65 ممالک میں بھارتی مفادات کے لیے کام کرنے والے 265 مربوط جعلی میڈیا آؤٹ لیٹس کا نیٹ ورک بے نقاب کیا تھا جس میں متعدد مشتبہ تھنک ٹینکس اور این جی اوز بھی شامل تھیں۔
بھارتی کرونیکل کے عنوان سے تحقیقات میں ایک اور بھارتی نیٹ ورک بے نقاب ہوا جس کا مقصد بھارت میں پاکستان اور چین مخالف جذبات کو تقویت دینا تھا۔ بین الاقوامی سطح پر یہ نیٹ ورک بھارتی قوت کو مستحکم اور تشخص کو بہتر بنانے کے علاوہ حریف ممالک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے کام کررہا تھا۔ تاکہ بھارت کو یورپی یونین اور اقوامِ متحدہ جیسے اداروں کی حمایت سے فائدہ حاصل ہو۔