وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں، شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا
- جمعہ 11 / دسمبر / 2020
- 6980
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے کچھ وزرا کے قلمدان تبدیل کئے ہیں۔ شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے چند وفاقی وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلی کی منظوری دی ہے جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ وزیر برائے انسداد منشیات اعظم سواتی کو وزیر ریلوے اور موجودہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو وزیر انسداد منشیات کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔
حفیظ شیخ اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ کے عہدے پر فائز تھے جنہوں نے آج ہی وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ عبدالحفیظ شیخ منتخب رکن اسمبلی نہیں ہیں اور وزیر اعظم نے آئین کی دفعہ 91 کی شق 9 کے تحت انہیں وزیر کا منصب تفویض کیا ہے۔ قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر انسداد منشیات اعجاز شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 3 سال سے بھی کم مدت کے دوران وفاقی کابینہ میں تیسری مرتبہ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ میں رواں برس اپریل میں تبدیلی کی گئی تھی۔
پاکستان میں ان دنوں حکومت مخالف تحریک زوروں پر ہے۔ اس دوران کابینہ میں تبدیلیوں نے مبصرین کی خصوصی توجہ حاصل کی ہے۔ وزارتِ داخلہ جیسی اہم وزارت کا قلم دان شیخ رشید کو دیے جانے کو سیاسی مبصرین اہم تبدیلی قردار دے رہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بطور وزیرِ داخلہ شیخ رشید حزبِ اختلاف کے اتحاد 'پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی' کی حکومت مخالف تحریک کے لیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔
شیخ رشید کی تقرری پر اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ ٹرین حادثات میں 100 بے گناہوں کے قتل میں ملوث شیخ رشید کو ایسی وزارت کا قلم دان دینا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ سیاسی تجزیہ کار اور صحافی سہیل وڑائچ کہتے ہیں شیخ رشید کی بطور وزیر داخلہ تقرری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سرگرمیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں۔ اُن کے بقول شیخ رشید کی تقرری سے سیاسی منظر نامے میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے کہا کہ شیخ رشید وزیرِ داخلہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے ترجمان بھی ہوں گے کیونکہ ان کی لفاظی اور بات چیت حکومت کے لیے بہت اہم ہے۔ شیخ رشید کی زیادہ صلاحیت ترجمان کی ہے اور پی ڈی ایم کی تحریک اور ان کے بیانیے کو جواب دینے کے لیے شیخ رشید کی صلاحیتیں حکومت کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہیں۔
سابق وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اُن کا دور ایک خاموش دور تھا جس کی وجہ سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کو مشکلات پیش آئیں اور اسی مقصد کے لیے اب شیخ رشید کو سامنے لایا گیا ہے۔