پاکستان میں کورونا سے اموات میں اضافہ، معیشت پر اثرات

  • ہفتہ 12 / دسمبر / 2020
  • 4930

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 71 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 8724 ہو گئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 2729 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے زیرِ علاج افراد کی تعداد 45 ہزار 124 ہو گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار ہو گئی ہے۔  وبا سے متاثر 8724 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب بھی 45 ہزار 124 افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 2470 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے لگ بھگ ساڑھے 41 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں اب تک 59 لاکھ 90 ہزار ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ ہفتوں میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں احتیاطی تدابیر پر بھی عمل درآمد پر زور دیا جا رہا ہے۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے معاشی سست روی اور شرح نمو تاریخی زوال کا شکار ہے۔ ماہرین معاشیات کے مطابق بے روزگاری کی شرح بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ماہرین معاشیات کے خیال میں بے روزگاری کی موجودہ لہر خطرناک رجحان کی جانب جارہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کُل افرادی قوت میں بے روزگاری کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ سابق وفاقی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت لگ بھگ 6 کروڑ 70 لاکھ افرادی قوت ہے۔ جس میں سے اگر ایک کروڑ 85 لاکھ لوگ بے روزگار ہوجائیں تو یہ تعداد 25 فی صد کے قریب بنتی ہے۔ ملکی تاریخ میں اس سے قبل بے روزگار لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کا کبھی اندازہ نہیں لگایا گیا۔

وائس آف امریکہ سےگفتگو میں ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا تھا پاکستان اس وقت معاشی جمود اور افراطِ زر کی بڑھتی ہوئی کیفیت کا شکار ہے۔ ان کے خیال میں معاشی جمود کے نتیجے میں بے روزگاری اور افراطِ زر میں حالیہ اضافے کے باعث ایک کروڑ 70 لاکھ کے قریب گھرانے غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے۔ ایسا ہماری تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہونے کے قریب ہے۔  ملک میں وبا کے سبب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 309 اموات رپورٹ کی گئیں۔ اس طرح کورونا سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 522 ہو گئی ہے۔