اپوزیشن موجودہ صورتحال میں جلسوں کے بجائے بات چیت سے مسائل حل کرے: عثمان بزدار
- ہفتہ 12 / دسمبر / 2020
- 4850
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ دہشت گردی کے خدشات اور کورونا کی موجودہ صورت حال میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو 13 دسمبر کا جلسہ مؤخر کرکے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے اپوزیشن اتحاد پر زور دیا کہ وہ عوام کی جانوں کو داؤ پر نہ لگائیں۔ لاہور میں اس وقت کورونا وائرس کی صورتحال بہت خراب ہے۔ ایسی صورتحال میں عوام کی جانوں سے کھیلنا کسی طور پر مناسب نہیں۔ ان حالات میں ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وبا کی وجہ سے دنیا میں کہیں جلسے جلوس نہیں ہو رہے جس طرح پاکستان میں ہورہے ہیں۔ ایسی کونسی ایمرجنسی ہے۔ میرے خیال میں ہمیں اس سے گریز کرنا چاہیے اور قانون کو کسی صورت ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے متنبہ کیا کہ حکومت، پی ڈی ایم سے آئین و قانون کے مطابق نمٹے گی۔
عثمان بزدار نے اتحادیوں کے ساتھ اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ 'سب آن بورڈ ہیں اور کوئی اختلاف نہیں ہے'۔ دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت کی روشنی میں پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہیں دی گئی۔ نیکٹا اور دیگر اداروں کی جانب سے جاری الرٹ سے پی ڈی ایم قیادت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ کورونا اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پی ڈی ایم کو جلسہ کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ اپوزیشن کی ہٹ دھرمی عوام کی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں کا پروپیگنڈا بےبنیاد ہے۔ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے لیکن حکومت انہیں یہ موقع فراہم نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے 13 دسمبر کو لاہور میں ممکنہ دہشت گردی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔