پاکستان دشمن نیٹ ورک چلانے سے انکار کا بھارتی رویہ شرمناک ہے: وزارت خارجہ

  • ہفتہ 12 / دسمبر / 2020
  • 5190

پاکستانی دفتر خارجہ نے اس بات پر شید ردعمل ظاہر کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کے خلاف گھناؤنی اور قابل مذمت پروپیگنڈا مہم سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔

بھارت کی اس پروپیگنڈا مہم کو یورپ کی غیر سرکاری تنظیم اپنی تفصیلی رپورٹ میں دنیا کے سامنے لائی تھی۔ یورپی گروپ نے غلط معلومات پھیلانے والے ایسے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا جو 2005 سے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے کام کر رہا تھا۔

یورپی یونین کی ڈِس انفو لیب نے 65 ممالک میں بھارت 265 مربوط جعلی نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا تھا۔ ان متعدد مشتبہ تھنک ٹینکس اور این جی اوز بھی شامل تھیں۔ 'انڈیا کرونیکل' کے عنوان سے تحقیقات میں ایک اور بھارتی نیٹ ورک بے نقاب ہوا جس کا مقصد بھارت میں پاکستان مخالف (اور چین مخالف) جبکہ بھارت کے حق میں جذبات کو تقویت دینا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر یہ نیٹ ورک بھارت کی قوت کو مستحکم اور تشخص کو بہتر بنانے کے علاوہحریف ممالک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے کام کررہا تھا تاکہ بھارت کو یورپی یونین اور اقوامِ متحدہ جیسے اداروں کی مزید حمایت سے فائدہ حاصل ہو۔

تاہم بھارت نے یورپی تنظیم 'ای یو ڈس انفو لیب' کی حالیہ رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے۔ اور پاکستان پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستوا نے کہا کہ 'زمہ دار جمہوری ملک کے طور پر بھارت، غلط معلومات پھیلانے میں حصہ نہیں لیتا'۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'آزاد اور غیر منافع بخش یورپی تحقیقاتی گروپ کی رپورٹ نے 116 ملکوں میں پھیلے 750 سے زائد جعلی میڈیا اداروں اور 550 سے زیادہ جعلی ویب سائٹس کے جال، مردہ لوگوں کے دوبارہ زندہ کرنے، ای یو اداروں کے نام کے جعلی استعمال کو بے نقاب کیا ہے۔ بھارتی نیٹ ورک نے یو این انسانی حقوق کونسل سے وابستہ 10 این جی اوز کو 2005 سے پاکستان کے خلاف استعمال کیا'۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے تمام بلند و بانگ دعوے کھوکھلے ہیں۔ عالمی طور پر بےنقاب ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کبھی بھی ایک ذمہ دار اور جمہوری ملک نہیں رہا۔ پاکستان پہلے ہی ملک میں بھارتی دہشت گردی کی منصوبوں، سہولت کاری اور مالی معاونت کے ناقابل تردید شواہد دے چکا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ای یو ڈس انفو لیب کی رپورٹ سے بھارت کے پاکستان کے خلاف جنون میں مبتلا ہونے اور افسوسناک مہم چلانے کے ہمارے موقف کو مزید تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی مشینری بالخصوص انسانی حقوق کونسل  پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کہ کس طرح ایچ آر سی جیسے باوقار پلیٹ فارم کا رکن ملک کے خلاف غلط استعمال ہوا۔

سوئٹرز لینڈ اور بیلجیئم کے متعلقہ حکام این جی اوز کو فنڈز فراہمی معاملے کی تحقیقات کریں جبکہ یورپی یونین کے حکام بھی پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر مؤثر کارروائی کرے۔

جمعہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے انڈین کرونیکلز کے نام سے شائع دستاویز نے بے نقاب کردیا ہے کہ بھارت، پاکستان کے تشخص کو متاثر کرنے کے لیے کیا کچھ کر رہا تھا۔