راولپنڈی: تھانہ گنج منڈی کے قریب دھماکا، 25 افراد زخمی

  • اتوار 13 / دسمبر / 2020
  • 9090

راولپنڈی میں تھانہ گنج منڈی کے قریب دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق  گنج منڈی میں فلٹریشن پلانٹ کے پاس دستی بم کا دھماکا ہوا۔

پولیس نے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ بتانے سے گریز کیا ہے۔  دھماکے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور محکمہ انسداد دہشت گردی اور فرانزک ماہرین نے معائنہ شروع کردیا ہے۔

ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوئے اور انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا تھانہ گنج منڈی کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ایک ریڑھی میں چپھائے گئے دستی بم سے ہوا۔ ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ دستی بم کے دھماکے میں خاتون سمیت 25 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 22 کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 3 کو وہی طبی امداد فراہم کی گئی۔

دھماکے کے بعد سی پی او راولپنڈی جائے وقوع پر پہنچے جہاں انہوں نے بتایا 10 دنوں میں یہ دوسرا دھماکا ہے۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ راولپنڈی گنج منڈی میں دھماکے کی نوعیت کا فی الوقت نہیں بتاسکتے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پیرودہائی اور آج گنج منڈی والے دھماکے تھانوں کے قریب ہوئے۔ دہشت گردی کی اطلاعات موجود ہیں جبکہ پیرودہائی بم دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال راولپنڈی میں یہ اس طرح کا چوتھا واقعہ ہے۔ 4 دسمبر کو راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں ایک بس اسٹینڈ کے قریب رکشے میں دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔ ریسکیو اور پولیس حکام نے دھماکے میں 45 سالہ محمد افضل خان کے جاں بحق ہونے اور 7 افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

مارچ میں مصروف ترین صدر بازار میں دھماکا خیز مواد پٹھنے سے 7 افراد زخمی ہوگئے تھے، جس میں سے ایک شدید زخمی بھی شامل تھا۔ اس سے قبل رواں برس 12 جون کو راولپنڈی کے علاقے صدر کینٹ کے تجارتی علاقہ کوئلہ سینٹر میں بم دھماکے میں ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔