عمران خان کی زندگی پر بننے والی فلم ’کپتان‘ 2022 میں ریلیز ہوگی

  • سوموار 14 / دسمبر / 2020
  • 7970

پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی نجی زندگی پر فلم ’کپتان‘ کا آغاز 5 سال قبل شروع ہوا تھا مگر تاحال فلم ریلیز نہیں ہوسکی۔ اب کہا جارہا ہے کہ یہ فلم 2022 تک منظر عام پر آئے گی۔

ایک وقت میں فلم کے اداکاروں کی پہلی جھلک سامنے آئی تھی اور فلم کا ٹیزر بھی دیکھنے میں آیا تھا مگر پھر نہ تو اس فلم کا ٹریلر سامنے آیا اور نہ ہی اسے ریلیز کرنے کی تاریخ سامنے آئی۔ حال ہی میں فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ سعیدہ امتیاز نے طویل عرصے بعد شوٹنگ کے دوران کھنچوائی گئی تصویر شیئر کی ہے۔ جس کے بعد فلم ریلیز کے بارے مین سوالات بھی سامنے آئے ہیں۔

2015 میں ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فلم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ پھر 2018 میں عام انتخابات کی وجہ سے فلم خبروں میں رہی۔  عام انتخابات کے دوران تحریک انصاف کے بعض عہدیداروں نے ’کپتان‘ پر اعتراض کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ فلم پی ٹی آئی کا امیج خراب کرنے کی ایک سازش ہے۔ تاہم فلم کی ٹیم نے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

کچھ ہفتے قبل ہی فلم کے مرکزی اداکار عبدالمنان نے ایک انٹرویو میں فلم کے حوالے سے کھل کر بات کی مگر انہوں نے ریلیز کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔ عبدالمنان خان فلم میں وزیر اعظم عمران خان کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ سعیدہ امتیاز فلم میں ان کی پہلی اہلیہ جمائما خان کا کردار ادا کریں گی۔

فلم میں عمران خان اور جمائما خان کے کردار کے علاوہ دیگر کرکٹرز و سیاستدانوں کے کردار بھی ہوں گے۔ ممکنہ طور پر اس میں پاکستان کی سابق اور پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی یونیورسٹی کی زندگی کو بھی دکھایا جائے گا۔ بےنظیر بھٹو اور عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی میں پڑھے تھے اور فلم میں دونوں کی یونیورسٹی کی زندگی کو دکھایا جائے گا۔

عبدالمنان خان اور سعیدہ امتیاز ’کپتان‘ کی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں، تاہم انہوں نے کبھی بھی فلم ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ اب خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ فلم کو 2022 تک ریلیز ہوگی۔  فلم ریلیز میں اتنی تاخیر پر بھی سوالات سامنے آتے رہے ہیں۔ اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

فلم کے ڈائریکٹرز کو بھی متعدد بار تبدیل کیا گیا جب کہ اس کی ریلیز کو بھی کم از کم 2 بار منسوخ کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ فلم کو 2018 کے عام انتخابات کے دوران ریلیز کیا جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ بعد ازاں خبریں سامنے آئی تھیں کہ فلم کو عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے فوری بعد ریلیز کیا جائے گا تاہم ایسا بھی نہیں ہوا۔ اب خبریں ہیں کہ فلم کی کہانی میں کچھ تبدیلیاں کرکے اسے 2022 تک ریلیز کردیا جائے گا۔