وزیرخارجہ کا متحدہ عرب امارات کا دورہ، وزیراعظم و نائب صدر سے ملاقات
- جمعرات 17 / دسمبر / 2020
- 5960
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔ پہلے ہی روز انہوں نے ملک کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے فرمان روا شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔
ترجمان دفترخارجہ زاہدحفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرخارجہ نے شیخ محمد بن راشد کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں۔ وزیرخارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون مضبوط کرنے، باہمی تجارت کو فروغ دینے، زراعت و مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی۔ دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانی شہریوں کی فلاح وبہبود سے متعلق امور پر بھی بات کی۔
وزیرخارجہ نے شیخ محمد بن راشد المکتوم سے درخواست کی کہ متحدہ عرب امارات کی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں۔
دبئی ایکسپو 2020 کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان کی شمولیت کو ممکن بنانے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ دفترخارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی، سفارت خانے کے سنیئر افسران اور اماراتی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ 2 روزہ دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔