پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں: وزیر اعظم
- جمعہ 18 / دسمبر / 2020
- 5950
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم ملک کو ایشین ٹائیگر نہیں بلکہ اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ ملک کے بانیوں کا یہی خواب تھا۔
اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر کے لیے صحت سہولت پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں صحت کارڈ کے اجرا سے 12 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے اور صحت کارڈ سے آزاد کشمیر میں 300 سے زائد ہسپتالوں میں مفت علاج کرایا جاسکے گا۔
مجھے خوشی ہے کہ ہماری پچھلی حکومت میں ہم نے خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ کا اجرا کیا۔ اب صوبے نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر شہری کو صحت کارڈ ملے گا۔ پنجاب میں 60 لاکھ خاندان صحت کارڈ سے استفادہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صحت کارڈ کے اجرا سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو پتہ چلے گا کہ ہم اپنے لوگوں کا کیسے خیال رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں پر ایک فاشسٹ اور غاصب حکومت قابض ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے امیر ملک بھی اپنی ساری آبادی کو صحت کی مفت سہولیات نہیں دے سکتے۔ یہ ہماری حکومت کا جرات مندانہ فیصلہ تھا۔ ایک طرف ملک مقروض ہے اور وسائل نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے اپنے لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو ایشین ٹائیگر نہیں بلکہ اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ یہ ملک کے بانیوں کا خواب تھا۔ آج اس سلسلے میں ہم ایک بہت بڑا قدم اٹھایا ہے۔