اقوام متحدہ کی گاڑی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، مبصرین محفوظ رہے
- جمعہ 18 / دسمبر / 2020
- 5910
بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ آزاد جموں و کشمیر کے سیکٹر چری کوٹ پر فائرنگ کرکے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ گاڑی میں اقوام متحدہ کے مبصر ملٹری گروپ کے دو افسران سوار تھے۔ ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بھارتی فوج نے صبح 10:45 پر آزاد جموں و کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کے عہدیدار پولاس گاؤں میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد سے ملاقات کے لیے جارہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی۔ واقعے میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے لیکن عہدیدار محفوظ ہیں اور پاک فوج نے انہیں فوری طور راولاکوٹ منتقل کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی گاڑی کو بلااشتعال فائرنگ سے نشانہ بنانے والی بھارتی فوج کی ایک اور اوچھی حرکت ہے۔ بھارتی فوج نے رواں برس اب تک 2 ہزار 999 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ جس کے نتیجے میں 27 اموات جبکہ 92 خواتین اور 68 بچوں سمیت 249 شہری شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عمل کرے اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر امن کو برقرار رکھیں۔ پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ملیٹری مبصر گروپ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی اور اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں فوجی مبصر سوار تھے۔ انہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پولاس گاؤں جارہے تھے۔ آئی ایس پی آر کہا کہ یہ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑی دور سے باآسانی پہچانی جاسکتی ہے کیونکہ اس کی شاخت اور نشانات واضح ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے اور اپنے فرائض انجام دینے پر ان کے کردار کا خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔