اقوام متحدہ نے راولاکوٹ میں گاڑی پر فائرینگ کی تصدیق کردی

  • ہفتہ 19 / دسمبر / 2020
  • 4520

اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو لائن آف کنٹرول پر جمعہ کے روز راولاکوٹ کے قریب 'نامعلوم چیز' کی زد میں آنے سے نقصان پہنچا ہے۔

نیویارک میں سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مشن فی الحال واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس دستیاب تفصیلات کے مطابق اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا لیکن اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔

بھارتی صحافی نے سوال کیا کہ کیا اقوام متحدہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کی طرف سے دی گئی رپورٹ مسترد کرنے کی خبروں سے آگاہ ہے تو فرحان حق نے کہا کہ ہم دونوں فریقین کے بیانات سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ گاڑی سے کوئی نامعلوم چیز ٹکرائی تھی، جیسے میں نے کہا تھا کہ کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اقوام متحدہ کا فوجی مبصر گروپ اپنے مینڈیٹ کے تحت جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن میں سیز فائر کی خلاف ورزی کے حوالے سے  راولاکوٹ کے قریب معمول کی نگرانی کی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔

گزشتہ روز ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے صبح 10:45 پر آزاد جموں و کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے لیکن عہدیدار محفوظ ہیں اور پاک فوج نے انہیں فوری طور راولاکوٹ منتقل کردیا۔

بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ملٹری مبصرین کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی گاڑی کو ہدف بنایا۔