کرونا وائرس کی نئی قسم کے بارے میں تشویش اور سوالات

  • اتوار 20 / دسمبر / 2020
  • 7210

برطانوی سائنس دان یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ  کیا کورونا ویکسین رواں ماہ کے دوران کورونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف کار آمد ہو گی یا نہیں۔

کورونا وائرس کی نئی قسم  'وی یو آئی کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی تشخیص جنوبی برطانیہ  میں کی گئی تھی۔ سائنس دانوں کے ابتدائی اندازوں کے مطابق وی یو آئی پہلے سے موجود کورونا وائرس کے مقابلے میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے جمعے کو وی یو آئی کے خدشے کے پیشِ نظر وزرا کا اجلاس رکھا جو کہ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ اس چیز کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ کورونا ویکسین، وی یو آئی کے خلاف کار آمد ثابت نہیں ہو گی۔ تاہم ان کے بقول ابھی بھی بہت کچھ ایسا ہے جس کے بارے میں وہ نہیں جانتے۔ وی یو آئی پہلے سے موجود وائرس کے مقابلے میں 70 گنا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین مہم جاری ہے۔ یہ ویکسین امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمنی کی بائیو اینڈ ٹیک کمپنی نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔

برطانوی وزیرِ اعظم نے لندن اور جنوب مشرقی برطانیہ میں جزوی لاک ڈاؤن کے نفاذ کا حکم دیا ہے۔ جس میں لوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سرکاری ہدایات کے مطابق ان علاقوں میں غیر ضروری اشیا کی دکانیں بند کر دی گئی ہیں اور دیگر علاقوں کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ لندن میں داخل نہ ہوں اور لندن کے رہائشی، شہر سے باہر نہ جائیں۔

رواں ہفتے کے وسط میں وزیرِ صحت میٹ ہان کوک کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ جنوب مشرقی برطانیہ اور لندن میں وی یو آئی کی وجہ سے کورونا وائرس زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہو۔ اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ان کے بقول ہو سکتا ہے کہ وی یو آئی حال ہی میں منظور ہونے والی ویکسین کے خلاف مزاحمت کرے۔

برطانیہ کے چیف میڈیکل افسر کرس وٹی کا کہنا تھا کہ انہوں نے عالمی ادارہ صحت کو وی یو آئی کی تیزی سے منتقلی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ ایک بیان میں کرس کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ وی یو آئی کی وجہ سے زیادہ اموات واقع ہوتی ہیں اور یہ ویکسین کے اثرات کو متاثر کرتا ہے۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بارے میں تحقیق جاری ہے۔

وی یو آئی میں کورونا وائرس کے مقابلے میں لگ بھگ 23 تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔ جن میں پروٹین میں اضافہ بھی شامل ہے جو کہ وائرس انسانی جسم میں داخل ہونے اور وائرس کو پھیلانے کا سبب بنتی ہے۔ چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والے کرونا وائرس میں متعدد تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔ جن میں چار ہزار تبدیلیاں صرف پروٹین کے اضافے سے متعلق ہیں۔

سائنس دان کہتے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ کورونا وائرس کی تبدیل شدہ قسم وی یو آئی دوسرے ممالک میں بھی موجود ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پتا لگانے میں کہ کورونا ویکسین، وی یو آئی کے خلاف بھی کار آمد ہو گی یا نہیں، تحقیق میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔ تاہم وبائی امراض کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ پُر امید ہیں کہ کورونا وائرس کی تبدیل شدہ قسم ویکسین کی افادیت کو کم نہیں کرے گی۔ جو کہ جسم میں اینٹی باڈیز بنانے کے لیے تیار کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں اس وبا سے اب تک 66 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔