بھارت نے جعلی آپریشن کی غلطی کی تو پاکستان منہ توڑ جواب دے گا: وزیراعظم
- اتوار 20 / دسمبر / 2020
- 5250
وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی آپریشن کیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو نشانہ بنانے کی بھارتی کارروائی پر عالمی برداری کو متنبہ کیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے ایل او سی پراقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی گاڑی پر جان بوجھ کر فائرنگ کی۔ جس پر اقوام متحدہ کا نشان اور جھنڈا واضح طور پر موجود تھا۔
بھارت نے ریاست کے طور پر تمام بین الاقوامی اقداراور اقوام متحدہ کے قانون سے انحراف کیا ہے۔ پاکستان اس رویے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک مرتبہ پھر عالمی برادری کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت میں مودی حکومت اپنے اندرونی مسائل کی وجہ سے پاکستان کے خلاف جعلی فلیگ آپریشن کے ذریعے اندرونی چپقلش سے توجہ ہٹائے گی۔
بھارت نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر 2020 میں بلااشتعال جنگ بندی کی 3 ہزار خلاف ورزیاں کی ہیں۔ عام شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے 92 خواتین اور 68 بچوں سمیت 276 افراد متاثر ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں عالمی برادری پر واضح کر رہا ہوں کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی فلیگ آپریشن کیا تو پاکستانی قوم اس کا سخت جواب دے گی۔ ہر سطح پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارت ایسے غلطی نہ کرے۔
اس سے قبل دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ پر بھارت کے قابل مذمت حملے کو باقاعدہ طور پر اٹھایا ہے اور زور دیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مسقتل مندوب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط میں لکھا ہے کہ اقوام متحدہ کے واضح نشان والی گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا جو مبصر گروپ کے کام میں رکاؤٹ ڈالنے کی ایک اور جابرانہ اور بزدلانہ کوشش ہے۔
سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ بی جے پی حکومت مقامی مشکلات سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک جعلی کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق پاکستان کے مستقل مندوب نے خبردار کیا کہ اگر ایسا ہوا تو پاکستان اپنے دفاع کے حق کا بھرپور استعمال کرے گا۔