الیکشن کمیشن مناسب وقت پر سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا

  • سوموار 21 / دسمبر / 2020
  • 4460

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ آئین کے تحت 10 فروری سے قبل سینیٹ انتخابات نہیں ہوسکتے۔

ای سی پی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چند روز سے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داریوں پر بھی آرا کا اظہارخیال  کیا گیا جس سے کچھ ابہام پیدا ہوا۔  صورت حال کو آئین اور قانون کی روشنی میں واضح کرنا ضروری ہے۔ سینیٹ آف پاکستان کے نصف اراکین 11 مارچ 2021 کواپنی 6 سالہ مدت میعاد پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔

آئین کے آرٹیکل 224 کی ذیلی شق تین کے تحت جو نسشتیں اپنی مدت میعاد مکمل ہونے کے بعد خالی ہوں گی ان پر انتخابات 30 دن سے پہلے نہیں ہوسکتے۔ ان خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات کا انعقاد آئین کے مطابق 10 فروری 2021 سے قبل نہیں ہوسکتے۔ گزشتہ 4 سے 5 انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوتے رہے ہیں۔ اس بار بھی الیکشن کمیشن آئین اورقانون کے مطابق مناسب وقت پر ان انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک انتخابی پروگرام کی صورت میں جاری کرے گا۔

بہان کے مطابق آئین کے آرٹیکل 218(3)، 224(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 107 کے تحت سینیٹ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے پر عزم ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے سات حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 45 کرم ون اور این اے 75 سیالکوٹ فور، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51، گوجرانوالہ ون اور کے پی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ تھری میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔ سندھ اسمبلی کے حلقوں پی ایس 43 سانگھڑ تھری، پی ایس 88 ملیر ٹو اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین تھری میں پولنگ 16 فروری کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے پیش نظر ساتوں حلقوں میں سرکاری افسران کے تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔  پابندی کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری ہونے تک برقرار رہے گی۔