وزیراعظم کی حکومت چلا نہیں سکتے لیکن تابعداری کے سب گر جانتے ہیں: مریم نواز

  • بدھ 23 / دسمبر / 2020
  • 5040

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نالائق اور نااہل آدمی اڑھائی سال 22 کروڑ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد کہتا ہے مجھے حکومت چلانی نہیں آتی۔ لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی۔

مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تم جانتے تھے نالائق ہو اور وزارت عظمیٰ کے لیے نااہل تھے تو پھر مردان کے عوام کو جواب دو شیروانی پہننے کی جلدی کیا تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مردان کے عوام نالائق حکمران کو گھر بھیجنے آئے ہیں۔ یہ انتخابات سے قبل کہتا تھا کہ 200 زبردست لوگوں کی ٹیم ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ وہ ٹیم کہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تو یہ نظر آرہا ہے کہ ان کی کابینہ کے وزرا آپس میں میوزیکل چیئر کھیل رہے ہیں۔ اپنی کرسیاں تبدیل کررہے ہیں اور وہ ٹیم نظر نہیں آرہی۔  مریم نواز نے کہا کہ حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن 400 ارب کا چینی کا ڈاکا ڈالنے کی  پوری تیاری تھی۔ سوا دو سو ارب روپے کا آٹے کا ڈاکا ڈالنے کی تیاری تھی۔

تمہاری حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن 122 ارب کا ایل این جی کا ڈاکا ڈالنے کی تمہاری پوری تیاری تھی۔ تمہاری ایل این جی کو دیر سے درآمد کرکے پاکستانیوں کو مہنگی گیس فراہم کرنے کی پوری تیاری تھی۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کی تیاری نہیں تھی لیکن جو دوست تم پر مال خرچ کرتے ہیں، انہیں باہر سے لا کر نوکریاں دینے کی پوری تیاری تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کے سلنڈر وقت پر نہ ملنے سے کورونا کے 8 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ حکومت صحت کی سہولیات تو دے نہین سکتی لیکن ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ کرنے کی پوری تیاری تھی۔ اپنے بہنوئی کو پلاٹ کا قبضہ دلانے کے لیے پنجاب میں پوری پولیس انتظامیہ کو معطل کردیا۔ لیکن پولیس اصلاحات کی کوئی تیاری نہیں۔

ریلی سے خطاب میں وزیراعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ  اس حکومت نے خارجہ پالیسی کو کمزور کیا اور میں کشمیر بھارت کی جھولی میں پھینک دیا۔ انہوں نے کہا  کہ چور اور ڈاکو ہونے کے باوجود یہ اس لئے ایمان دار ہے، کیونکہ تابعداری بڑی ایمان داری سے کی ہے۔ عوام سے بے ایمانی بھی بڑی ایمان داری سے کی ہے۔

عمران خان کا دعویٰ تھا  کہ دو نہیں ایک پاکستان، طاقت ور کو قانون کے نیچے لاؤں گا اور غریب کو انصاف فراہم کروں گا۔ اب عوام پوچھتے ہیں کہ غریب کا گھر بلڈوزر سے گرادیتے ہو، غریب کی دکانیں مسمار کردیتے ہو، غریب کی ریڑھی اٹھا کر لے جاتے ہو لیکن طاقت ور کا گھر بنی گالا دو دن میں ریگولرائز ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کروڑوں روپے کا جرمانہ ادا کرکے چلی گئیں اور سلیکٹڈ عمران خان 12 لاکھ روپے کا جرمانہ دے کر جعلی این او سی کے باوجود بنی گالہ کے 300 کینال کے گھر کو ریگولرائز کروا لیا۔

وزیراعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ یہ کہتا ہے پی ڈی ایم سے ڈرتا نہیں، اس کے آگے جھکتا نہیں۔ جھکتا وہ ہے جو کھڑا ہوتا ہے، جس نے تابعداری کی ہو اس کو جھکنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔ تمہاری حکومت چلانے کی تیاری ہو نہ ہو لیکن پاکستان کے عوام نے تمہیں گھر بھیجنے کی تیاری پوری کرلی ہے۔