نیب کو عفریت بنا دیا گیا ہے، اس کو اب بند کرنا ہوگا: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

  • بدھ 23 / دسمبر / 2020
  • 3520

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ نیب کا کاروباری برادری سے کوئی تعلق نہیں۔ اسے سرمایہ کاروں کو بلانے کا کوئی اختیار نہیں۔ نیب کو عفریت بنا دیا گیا ہے۔ اب اس کو بند کرنا ہوگا۔

اسلام آباد ایوان صنعت و تجارت میں خطاب کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سرمایہ کار اپنے مسائل سینیٹ کو بھیجیں، نیب پر میں نے پوزیشن لی ہے۔ روزانہ کوئی نہ کوئی کال موصول ہوتی ہے جو نیب کا شکار ہو رہے ہیں۔ لوگ نیب کی وجہ سے امریکا اور یورپ چلے گئے۔ نیب کرپشن روکنے کے لیے بنا تھا۔ کرپشن سرکاری اداروں میں ہوتی ہے۔ نیب کا بزنس مین سے کوئی تعلق نہیں۔ اسے سرمایہ کاروں کو بلانے کا کوئی اختیار نہیں۔

چیئرمین نیب کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ کون ہوتے ہیں درآمدات برآمدات کو دیکھنے والے، نیب کیا آئین سے بالاتر ہے جس کو پارلیمنٹ میں نہیں بلا سکتے۔ چیئرمین نیب کہتے ہیں یہ سب چور ہیں، یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ سب چور ہیں۔؟ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کسی صورت کاروباری طبقے کو نیب کا شکار نہیں ہونے دوں گا۔ نیب انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر اب پارلیمنٹرین کو بتائیں گے کہ پارلیمنٹ کیسے چلتی ہے، وہ پارلیمنٹ کے کام میں مداخلت بند کرکے اپنا کام کریں۔  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تحریک استحقاق لانا پارلیمنٹرین کا حق ہے اور آپ پارلیمنٹرین کے کام میں مداخلت نہ کریں۔

واضح رہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے نیب اور اس کے چیئرمین پر مسلسل تنقید سامنے آرہی ہے۔ 18 دسمبر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کاروباری برادری کے معاملات میں مداخلت پر قومی احتساب بیورو پر تنقید کرتے ہوئے ملک بھر کے چیمبرز سے کاروباری افراد کی مدد کرنے پر زور دیا تھا۔

دریں اثنا وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سلیم مانڈوی والا سینیٹ کو اپنے ذاتی فوائد کے لیے استعمال نہیں کر سکتے۔ اگر آپ پر کوئی مقدمہ بنتا ہے تو آپ مقدس گائے نہیں ہیں۔ آپ اداروں کو دھمکا اور بدنام کر رہے ہیں جو ایک رکن پارلیمنٹ کے شایان شان نہیں ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ یہ نہیں ہے کہ قومی احتساب بیورو سارے کام ٹھیک کرتا ہے، نیب کا کوئی حکم غلط ہوتا ہے تو اسے عدالت میں چیلنج کیا جاتا ہے۔ لیکن آپ سینیٹ کو اپنے ذاتی فوائد کے لیے استعمال نہیں کر سکتے۔