شہباز شریف کو جیل میں پیر پگاڑا کا پیغام پہنچایا

  • جمعرات 24 / دسمبر / 2020
  • 5190

مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما محمد علی درانی نے جیل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اور پیر پگاڑا کا پیغام پہنچایا ہے۔

بعد مین میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ  شہباز شریف ملکی حالات کو ٹھیک رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ فنکشنل کے وفد سے ملاقات کے دوران  اس عزم کا اظہار کیا۔  ذرائع نے بتایا ہے کہ پیر صاحب پگاڑا کی ہدایت پر پارٹی رہنما محمد علی درانی نے جیل میں شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔  

مسلم لیگ (ف) کے وفد نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کو بات چیت کے ذریعے درمیانی راستہ نکالنے کی تجویز دی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی پالیسی سے ہٹ کر کوئی قدم نہیں اٹھا سکتا۔ پارٹی پالیسی کا پابند ہوں اور اس کے تحت ہی چلتا ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت حالات ٹھیک کرنا چاہتی ہے تو سازگار ماحول پیدا کرے۔

مسلم لیگ (ف) کے رہنما محمد علی درانی نے کہا کہ شہباز شریف پارٹی ڈسپلن کے ساتھ اپنی رائے بھی رکھتے ہیں، شہباز شریف چاہتے ہیں ملکی حالات ٹھیک رہیں۔ محمد علی درانی نے کہا کہ شہباز شریف پہلے بھی مفاہمت کی سیاست کرتے آئے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے فنکشنل لیگ کے وفد کو شہباز شریف سے ملاقات کے لیے خصوصی اجازت دی تھی۔