برطانیہ اور یورپی یونین میں تجارتی معاہدہ طے پا گیا

  • جمعرات 24 / دسمبر / 2020
  • 6300

کئی برسوں کے مذاکرات کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین نے جمعرات کو ایک تجارتی معاہدہ ہوگیا۔ اس سے 2016 کے ریفرنڈم کے بعد برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی سے اقتصادی نقصان کو محدود کیا جا سکے گا۔

یہ معاہدہ لوگوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کے دوران اور کرونا بحران کے ماحول میں ایک خوش آئند خبر بن کر سامنے آیا ہے۔ چار سالوں سے جاری طویل گفت و شنید کے بعد دونوں اطراف سے کئی نکات پر سمجھوتہ ہو گیا۔ اس طرح ایک معاشی اور سیاسی بحران کو ٹال دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ برطانیہ اس سال جنوری میں یورپی یونین سے باقاعدہ طور پر الگ ہو گیا تھا۔ البتہ اسے یورپی یونین کے ساتھ عوام کی آزادانہ نقل و حمل اور آزادانہ تجارت کو جاری رکھنے کے لیے اس سال 31 دسمبر تک ایک عارضی مدت دی گئی تھی۔

یورپی یونین سے علیحدگی کے برطانوی حامیوں نے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن کی اس معاہدے کے حصول کے لیے کاوشوں کو سراہا گیا ہے۔ وزیر اعظم جانسن نے 900 ارب ڈالر کے اس معاہدے کو یورپی یونین کی طرف سے اب تک کیے گئے تجارتی معاہدوں میں عظیم ترین قرار دیا اور کہا کہ یہ برطانوی عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہے۔

ادھر یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان درلیئن نے اس معاہدے کو منصفانہ اور متوازن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور برطانیہ آب و ہوا اور سلامتی کے اہم امور پر بھی تعاون کریں گے۔