زمین پر کوئی قوت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی: آرمی چیف

  • جمعہ 25 / دسمبر / 2020
  • 4390

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بابائے قوم کی یوم پیدائش کے موقع پر کہا ہے کہ زمین پر کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ قوم قائد اعظم کے یومِ پیدائش کو عقیدت و احترام سے منا رہی ہے اور اُمید، ہمت اور اعتماد کے پیغام کو اپنائے ہوئے ہے۔  آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم ہمیشہ ہماری عظیم قوم کے رہنما اصول رہیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے  بھی دن کی مناسبت سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم سے زندگی کے ہر شعبے میں ان کے نقش قدم پر چلنے کی اپیل کی۔

قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ قوم آج ان کے 145ویں یوم پیدائش کو عقیدت و احترام سے منا رہی ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں آج عام تعطیل رہی۔ دن کا آغاز مملکت پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا اور کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

انتھک جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو آزاد وطن دینے والے محمد علی جناح پیشے کے اعتبار سے وکیل اور  سیاست دان تھے۔ انہوں نے 1913 سے 14 اگست 1947 تک پاکستان کی آزادی تک آل انڈیا مسلم لیگ کے لیڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور پھر وہ 11 ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک پاکستان کے پہلے گورنر جنرل رہے۔

محمد علی جناح کی شخصیت ایک اعلیٰ اور مثالی کِردار کی حامل تھی۔ جمہوری اور انصاف پر مبنی اُصولوں کو اپنا کر عزت حاصل کی۔ وکالت اور سیاست میں رہ کر اپنے دامن کو صاف رکھا اور مسلمانوں کی ذِہنی تعمیرِنو میں روشنی کا مینار بنے رہے۔