بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 7 زخمی

  • ہفتہ 26 / دسمبر / 2020
  • 4820

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا مقامی گراؤنڈ میں فٹ بال میچ کے دوران ہوا جس سے قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ذرائع نے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے بدامنی کا شکار ہے، جس کے پیچھے بیرونی دشمنوں کا ہاتھ کہا جاتا ہے۔ 25 اکتوبر کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 14 اکتوبر کو کوئٹہ کے اسمنگلی روڈ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ نامعلوم شرپسندوں نے علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں پر دستی بم پھینکا، جس کے پھٹنے سے 7 شہری زخمی ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

اگست کے مہینے میں صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس نے بتایا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کے کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا۔