افغان اہلکاروں کے بیانات پر دفتر خارجہ کی تشویش

  • اتوار 27 / دسمبر / 2020
  • 4000

پاکستان نے افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔  دفتر خارجہ کے اعلامیے میں زور دیا گیا کہ افغان امن عمل میں سیاسی پیش رفت حوصلہ افزا ہے اور اسلام آباد، کابل میں پائیدار امن و استحکام چاہتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ افغانستان اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا گیا لیکن بعض افغان اہلکاروں اور غیر سرکاری حلقوں سے کچھ منفی تبصروں کے بارے میں تشویش ہے۔  انہوں نے کہا کہ سلامتی اور انٹلی جنس امور سمیت تمام باہمی امور دوطرفہ فورمز کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ رواں برس نومبر میں وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کابل کے دوران  فریقین نے سلامتی اور افغان امن عمل سے متعلق امور پر  رابطوں کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔ ہم اس بات کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں کہ عوامی نوعیت کی الزام تراشی افغان امن عمل اور باہمی تعاون کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ افغان تنازع کا فوجی حل نہیں ہے اور سیاسی عمل کے ذریعے تنازعات کا حل آگے بڑھانے کا واحد راستہ ہے۔  پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں رواں برس افغان امن عمل میں اہم پیشرفت ہوئی اور 29 فروری کو امریکہ طالبان کا امن معاہدہ ہوسکا۔  12 ستمبر کو انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہؤا اور 2 دسمبر 2020 کو قواعد و ضوابط سے متعلق افغان جماعتوں کا معاہدہ ہوگیا۔