بلوچستان: دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے 7 جوان شہید
- اتوار 27 / دسمبر / 2020
- 6380
بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ ہرنائی کے علاقے شیرگ میں واقع پوسٹ پر دہشت گردوں نے رات گئے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوان شہید ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کر بند کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تلاشی اور علاقے کو واگزار کرانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے۔ ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی سے اس طرح کے بزدلانہ اقدامات کے ذریعے بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سیکیورٹی فورسز ان کے عزائم کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ شب ہرنائی، بلوچستان میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 جری جوانوں کی شہادت پرنہایت رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ پوری قوم بھارتی پشت پناہی کے حامل دہشت گردوں کےحملوں کا سامنا کرنے والے اپنے ان بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس قبل 23 دسمبر کو ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا حوالدار شہید ہوگیا تھا جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔