استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ ہوگا: بلاول بھٹو زرداری
- اتوار 27 / دسمبر / 2020
- 4290
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے 31 جنوری تک استعفیٰ نہ دیا تو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔ بے نظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنما بھی شریک ہوئے اور جلسے سے خطاب کیا۔
بے نظیر بھٹو کی 13ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کی طاقت اور سیاسی اتحاد سے نا اہل حکومت کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔ موجودہ حکومت جمہوریت سے عاری ہے۔ جسے حکومت کرنے کا کوئی ڈھنگ نہیں۔ ملک اور عوام سلیکٹڈ وزیرِ اعظم کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو یہ لوگ ملک کا بیڑا غرق کر دیں گے۔ یہ کسی صورت اور کسی قیمت پر نہیں ہونے دیں گے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا خطاب میں مزید کہنا تھا کہ نہ ہم ہم ڈریں گے یا پیچھے ہٹیں گے۔ ہمارے لیڈروں نے آمریت اور عوام دشمن طاقتوں سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ کٹھ پتلی حکومت کی عوام دشمن پالیسی کی وجہ سے غریب دووقت کی روٹی، ،مزدور مزدوری، کسان فصل کی قیمت، بچہ دودھ ، دکاندارخریدار کیلئے، نوجوان روزگار کیلئے، زمین پانی کیلئے ترس رہی ہے۔ ان ظالم حکمرانوں کو کسی پر بھی ترس نہیں آرہا۔
عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو غاصب قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ عوام کے نمائندے نہیں ہیں۔ ملک میں جمہوریت نہیں ہے۔ کیوں کہ کسی کو بولنے کی آزادی ہے اور نہ ہی جلسہ کرنے کی۔ یہ جمہوریت نہیں بلکہ آمروں اور جابروں کا طریقہ ہے۔
پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ موجودہ حکومت کا وقت بہت کم ہے، یہ اپنی کمزوریوں سے خود گرے گی۔ جب حکمران خود کہہ رہے ہیں کہ وہ ملک نہیں چلا پا رہے تو کیوں اقتدار پر قبضہ کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا عمران خان اگر تم سے ملک نہیں چل رہا تو استعفی دو اور گھر جاؤ کیونکہ جب بھی کوئی جمہوری طریقے کے خلاف گیا ہے تو صرف ملک کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے نیب پر بلیک میلنگ کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب چاہیں عمران خان کو اقتدارسے باہر کر سکتے ہیں۔ مگر سوچ بدلنا ہوگی۔ جیلیں بھرنا ہوں گی۔ جمہوری انداز سے ہر چیز کا حساب لیں گے۔ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کی رہنما اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو گھر بھیجنا ضروری ہو گیا ہے۔ حزبِ اختلاف فوج کے خلاف بات نہیں کرتی۔ بلکہ ان کے خیال میں وزیرِ اعظم عمران خان فوج کو بدنام کر رہے ہیں۔ فوج پر تنقید تب ہوتی ہے جب حکومت کی نالائقی کا بوجھ فوج کو اٹھانا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جو لوگ برسرِ اقتدار لائے ہیں ان سلیکٹرز کو اب پیچھے ہٹنا پڑے گا۔ سیلیکٹرز کو کہتے ہیں کہ پیچھے ہٹ جائیں۔ پھر ہم ، عوام اور عمران خان جانیں۔