میئر اسلام آباد کے انتخاب میں پی ٹی آئی کو شکست، مسلم لیگ (ن) کا امیدوار کامیاب
- سوموار 28 / دسمبر / 2020
- 4410
اسلام آباد کے میئر کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیر عادل گیلانی نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست دے دی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے میئر اسلام آباد کے لیے ملک ساجد محمود امیدوار تھے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق میئر اسلام آباد کے انتخاب میں مجموعی طور پر 69 ووٹ ڈالے گئے جبکہ کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔ عادل گیلانی نے 43 ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما 26 ووٹ لے سکے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق میئر اسلام آباد کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب 28 دسمبر کو طے تھے۔ میئر اسلام آباد کے ضمنی انتخاب کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو ریٹرننگ افسر تعینات کیا گیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے 6 اکتوبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ شیخ انصر عزیر نے ٹوئٹر پر استعفے کی کاپی جاری کی اور اپنے بیان میں کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے تمام اختیارات واپس لے کر ہمیں دیوار سے لگا دیا ہے۔ اس طرح ایم سی آئی اپنے معزز شہریوں کی مزید خدمت نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر اپنے لوگوں کی خدمت نہیں کرسکتا تو بہتر ہے کہ میں عہدہ چھوڑ دوں اور میں نے اسلام آباد کے میئر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے 17 مئی کو اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کو 90 کے روز کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔ تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی معطلی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے شیخ انصر عزیز کو عہدے پر بحال کردیا تھا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے میئر اسلام آباد کی معطلی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی تھی۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ کمیشن کے 9 اراکین میں سے 6 اجلاس میں موجود تھے۔ لوکل گورنمنٹ کمیشن کی سفارشات پر وفاقی حکومت نے میئر اسلام آباد کو معطل کیا۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل کے بعد میئر اسلام آباد کی 90 روز کی معطلی کا حکم کالعدم قرار دیا اور شیخ انصر کو کام کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ شیخ انصر عزیز 2016 میں اسلام آباد کے میئر منتخب ہوئے تھے اور اس وقت مرکز میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی۔