پاکستان کی فوج غیر سیاسی ہے: شیخ رشید
- سوموار 28 / دسمبر / 2020
- 5530
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے پاکستان کی فوج عظیم فوج ہے۔ اس نے کبھی سیاست مین مداخلت نہیں کی۔ وہ سیاست میں تھی، نہ ہے اور نہ آئے گی۔ فوج جمہوریت کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کہ اپوزیشن کے جن اراکین نے ٹائپ شدہ استعفے بنائے ہیں وہ غیر قانونی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا مجھے پوری امید ہے کہ اپوزیشن سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے گی۔ اور پی ڈی ایم استعفوں پر دوبارہ غور کرے گی۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ کل آصف علی زرداری نے جیلیں بھرنے کی بات کی جبکہ جیل کا زیادہ تر عرصہ انہوں نے ہسپتالوں میں گزارا ہے۔ انہیں پتہ ہے کہ جیل کی سختیوں سے بچنے کے لیے کیا کیا طریقے اپنائے جاتے ہیں۔ ان سب کی لڑائی عمران خان سے زیادہ نیب کے ساتھ ہے۔ ان کی لڑائی یہ ہے کہ کیس ختم کردیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ اربوں روپے کے جعلی اکاؤنٹس کو بھول جائیں لیکن عمران خان کوئی بھی فیصلہ کرسکتا ہے یہ اس کی صوابدید ہے۔
پی ڈی ایم کے جلسے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ عوام کو یادداشت پر زور دینا چاہیے، یہ ضیاالحق کا کیوں نام نہیں لیتے۔ انہوں نے ضیاالحق کی تابعداری کی ان کے جوتے پالش کیے۔ یہ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں۔