ریاست کے تمام ستون اپنے دائرہ کار میں رہ کر ملکی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں: وزیراعظم

  • سوموار 28 / دسمبر / 2020
  • 5390

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست کے تمام ستون اپنے دائرہ کار میں رہ کر ملک کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے دفترسے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور  بابراعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے جمہوریت کے لیے اداروں کے مضبوط ہونے کو اہم قرار دیا۔

مشیر پارلیمانی امور سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی سیاست چمکانے کے لیے اداروں پر انگلیاں اٹھانے والے کسی قیمت پر جمہوریت کے علمبردار نہیں ہوسکتے۔ ریاست کے تمام ستون اپنے دائرہ کار میں رہ کر ملک کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران بابر اعوان نے معاشی استحکام اور کورونا سے بچاؤ کی حکومتی پالیسیوں کو حکومت کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ تاریکی فروشوں کا پاکستان میں اب کوئی مستقبل نہیں۔ گزشتہ دنوں بھی وزیراعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ملک کی تاریخ میں جس طرح سیاسی اپوزیشن جماعتوں نے فوج پر حملہ کیا ہے،  وہ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ اپوزیشن وہی زبان استعمال کرتی ہے جو بھارت کی پروپیگنڈا مشین پاکستان کے خلاف استعمال کرتی ہے۔

واضح رہے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پی ڈی ایم حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہا ہے۔