پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی

  • بدھ 30 / دسمبر / 2020
  • 6730

پاکستان میں کورونا وائرس  سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ملک میں اس وبا کی دوسری لہر کا زور ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 2 ہزار 155 مریض اس وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 55 مریض انتقال کرگئے۔ ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 77 ہزار 240 ہوگئی ہے۔ اور اموات کی تعداد 10 ہزار 47 تک پہنچ چکی ہے۔

ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 13ہزار 193ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 295 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 57 ہزار 982 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 118 ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 37 ہزار 556، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 241 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 855 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد: سندھ: 3520، پنجاب:3982، خیبرپختونخوا: 1627، بلوچستان: 182، اسلام آباد: 415 ،آزاد کشمیر: 220 اور گلگت بلتستان: 101.