عمران خان پر غداری کا مقدمہ چلائیں گے: احسن اقبال

  • بدھ 30 / دسمبر / 2020
  • 6030

مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران  کشمیر اور کشمیریوں کا غدار اور کشمیر کا سوداگر ہے۔ اگر ہماری حکومت آئی تو کشمیر کا سودا کرنے پر ان کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کریں گے۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے سلامتی کونسل نے قرار داد پاس کی کسی بھارتی حکومت کو کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی جرات نہیں ہوئی تھی ۔ 2019 میں اگست کی 5 تاریخ کو مودی سرکاری نے یک طرفہ طور پر کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کردیا۔ پاکستان میں جمہوری حکومتیں، آمرانہ اور نگران حکومتیں آئیں لیکن بھارت کو کبھی جرات نہیں ہوئی کہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرے۔

احسن اقبال نے کہا کہ میرا عمران خان سے سوال ہے کہ کیا نئے پاکستان میں دفاع اتنا کمزور ہوگیا تھا کہ مودی کو کشمیر ہڑپ کرنے کی جرات ہوئی اور اگر پاکستان کا دفاع کمزور نہیں ہوا تو ایسا کیوں کر ہوا۔ میں عمران نیازی سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت نے جموں میں 2 لاکھ فوج اتار دی تم کیوں خاموش بیٹھے رہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2 ماہ قبل تمام سیاحوں کو مقبوضہ کشمیر سے نکال دیا تھا پوری دنیا کو علم ہوگیا تھا کہ یہ جموں میں کوئی آپریشن کرنے والے لیکن حکومت خاموش رہی۔ عمران نے اپنے اقتدار کے لیے جموں کشمیر کا سودا کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اب ہم نے پاکستان کو تباہ نہیں دیں گے اس لئے اس حکومت کا خاتمہ ضروری ہے۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم نے سلیکٹڈ کے سامنے سر جھکانے سے انکار کردیا، وہ نہ نواز شریف کے نظریے سے پیچھے ہٹے اور نہ کشمیر سے ان کی تصویر اتاری۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں راجا فاروق حیدر کی دلیری کی معترف ہوں۔ میں نواز شریف اور راجا فاروق حیدر سے دلیری سیکھتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر کے بہن، بھائی، بزرگوں اور بیٹیوں کے لیے بھی پیغام لائی ہوں کہ نواز شریف اور مریم نواز آپ کے ساتھ ہیں۔ جب آپ پر ظلم ہوتا ہے تو نواز شریف اور مریم نواز کا دل لہولہان ہوتا ہے۔ جب آپ کے بیٹوں کی شہادت ہوتی ہے تو زخم ہماری روح پر لگتے ہیں۔

عمران خان کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے مودی کی جھولی میں کشمیر جاکر گرتا ہے اور پاکستان اس نالائق اعظم کی وجہ سے کشمیر کا مقدمہ ہارجاتا ہے تو زخم پورے پاکستان کے دلوں پر لگتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں جب ایک کمزور وزیر اعظم عوام کی طاقت سے نہیں آتا، جو آپ کے ووٹ سے نہیں آتا اور جب ایک کمزور حکومت ہوتی ہے تو بھارت جیسا دشمن پاکستان پر وار کرتا ہے۔ اس نے پاکستان کی شہ رگ پر وار کیا اور کامیاب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اب آزاد کشمیر کا الیکشن آ رہا ہے۔ اب ووٹ کوعزت اور ووٹ پر پہرہ دینے کی باری آزاد کشمیر کی ہے۔  آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی مہم کی قیادت مریم نواز کرے گی۔ جس طرح گلگت بلتستان نے مسلم لیگ(ن) کے سارے لوٹوں کو ہرا دیا اور رد کردیا، انشااللہ مسلم لیگ(ن) پورے پاکستان میں لوٹوں کا محاصرہ اور محاسبہ کرے گی۔