نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری کو منسوخ کردیا جائے گا: شیخ رشید احمد

  • بدھ 30 / دسمبر / 2020
  • 4090

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فوری کو منسوخ کردیا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  پیپلزپارٹی سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لے گی۔ گزشتہ روز خواجہ آصف کی گرفتاری سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ سب بےنقاب ہوگئے ہیں۔ اگر میں وزیرداخلہ ہوں اور اقامہ لوں تو اس کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ میرا اس دھرتی پر ایمان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ کردیں گے۔ سارے چور اکٹھے اس لیے ہوتے ہیں کہ ان کے بینک اکاؤنٹس سے پیسے نکلتےہیں اور یہ برداشت نہیں کرتے۔ منی لانڈرنگ اور کرپشن کی رقم جب بےنقاب ہوتی ہے تو یہ کہتے ہیں کہ ہم سے انتقام لیا جارہا ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد میں جرائم کی وارداتوں میں اضافے سے متعلق انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں لیکن ہم اچھی ٹرانسپورٹ منگا رہے ہیں اور اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے 100 موٹرسائیکلوں پر مشتمل ایگل اسکواڈ چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں اور چوروں کے لیے بھی۔ جس نے مذاکرات کرنے ہیں وہ اسمبلیوں میں آکر مذاکرات کرے اور جس نے مال پانی بنایا ہے وہ دوسرے بڑے گیٹ پر آئے۔

انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے چین اور افغانستان کے ویزے کا اجرا آن لائن ہوگا۔ مینوئل ویزے کو ختم کر رہے ہیں کیونکہ اس میں کرپشن تھی۔ یہ شکایت تھی کہ چین اور افغانستان کے ویزے اور اس میں توسیع کے لیے پیسے لیے جاتے تھے۔ اس لیے مینوئل ویزا ختم ہوجائے گا۔