عدن ایئر پورٹ پر حملہ، 25 افراد ہلاک، یمنی حکومت کا حوثی باغیوں پر الزام
- جمعرات 31 / دسمبر / 2020
- 7610
یمن کے شہر عدن کے ہوئی اڈے پر راکٹوں سے کیے جانے والے حملے میں 25 افراد ہلاک جب کہ 110 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب بین الاقوامی برادری کی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے نامزد وزرا عدن پہنچے تھے۔
بدھ کو حملے کی زد میں آنے والا ایئرپورٹ سعودی عرب کے حمایت یافتہ صدر عبد الرب منصور ہادی کی حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقے میں واقع ہے۔ خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی حکام نے 25 اموات اور 110 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے ایئرپورٹ پر چار بیلسٹک میزائل داغے۔
سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ میں دکھائی جانے والی ویڈیوز میں نظر آ رہا ہے کہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل کے قریب راکٹ اس وقت آ کر گر رہے ہیں جب یمن میں سعودی عرب کی حمایت سے تشکیل پانے والی یمنی کابینہ کے وزرا جہاز سے اتر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ حملے میں زیادہ تر ہلاکتیں ٹرمینل کے اندر ہوئی ہیں۔
حملے کی ویڈیوز میں نظر آ رہا ہے کہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل کے قریب ایک گڑھا بھی پیدا ہوا جہاں ایک راکٹ آ کر گرا تھا۔ ٹرمینل کے کئی شیشے اور دھات سے بنے فریم بھی تباہ ہوئے۔ ٹرمینل کے قریب موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ یمن کی حکومت کے وزیرِ اطلاعات معمر الاریانی نے حملے کا الزام ایران کی حمایت یافتہ اور دارالحکومت صنعا پر قابض حوثی ملیشیا پر عائد کیا ہے۔ حوثیوں نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
یمن کے وزیرِ اعظم معین عبد المالک نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں سے دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ معین عبد المالک کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے یمن کے لیے سفیر مارٹن گریفتس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ کابینہ کے ارکان کی عدن آمد پر ایئر پورٹ پر ہونے والے حملے اور عام شہریوں کی اموات پر شدید مذمت کرتے ہیں۔ تشدد کے ناقابلِ قبول سانحے سے یاد دہانی ہوتی ہے یمن کو جلد سے جلد امن کی راہ پر لانا کس قدر اہم ہے۔
یمن کے نائب وزیر برائے اطلاعات اسامہ شارم کا سعودی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ راکٹ حملے میں ہوائی اڈے کی عمارت کے اندر موجود عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ افراد قاہرہ روانگی کے لیے پرواز کا انتظار کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صدر عبد الرب منصور ہادی اور یمن کے جنوب کے علیحدگی پسند تحریک کے حامیوں میں مذاکرات کے بعد شراکت اقتدار کا معاہدہ ہوا تھا۔ جنوب کی علیحدگی پسند تحریک نے گزشتہ برس عدن میں حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائیاں کی تھی۔