2021 ترقی کا سال ہوگا: وزیر اعظم

  • جمعہ 01 / جنوری / 2021
  • 3760

وزیراعظم عمران خان نے نئے سال کے موقع پر کہا ہے کہ سال 2021 کو پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا۔ اسلام آباد میں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان چین سے سیکھ سکتا ہے۔ ان کا ترقی کا ماڈل ہمارے لئے زیادہ بہتر رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے جس طرح صنعتکاری کی، برآمدات کے زونز بنائے، بیرون ملک سے سرمایہ کاری لے کر آئے اور اس سے اپنی برآمدات بڑھائیں۔ اس کی وجہ سے ان کی دولت بڑھی اور لوگوں کو غربت سے نکالا۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کو گزشتہ چند دہائیوں میں غربت سے نکالا، اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چینی صنعتیں ہمارے خصوصی اقتصادی زونز میں قائم ہوں۔ ویتنام میں چینی انڈسٹری نے ری لوکیٹ کیا اور وہ ان کی برآمدات کا بہت بڑا حصہ بن چکا ہے۔ چین نے گزشتہ 30 سے 35 برسوں میں جس تیزی سے ترقی کی ہے پاکستان اس سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ گزشتہ 50 سالوں سے حکومتوں نے برآمدات بڑھانے کی کوشش نہیں کی جس کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ جاتا ہے اور آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے۔ چین کے ساتھ مل کر ہم زراعت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور سی پیک کے اگلے حصے میں زراعت کا شعبہ بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹو موبائیل کی صنعت کی وجہ سے اس سے جڑی تمام صنعتیں ترقی کریں گی اور روزگار پیدا ہوگا۔ معیشت میں استحکام لانے کی کوشش کی جاتی ہے تو عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہمیں کورونا وائرس کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوا۔

ہم سے امیر ممالک میں بھی لوگوں کی کھانا لینے کے لیے لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ ہمیں خوف تھا کہ ہمارا نچلا طبقہ پس جائے گا تاہم احساس پروگرام کے تحت ہم اسے بچانے میں کامیاب رہے۔ ہم نے 2 سال میں جو تجربہ کیا، اب ہم ہر قسم کے چیلنجز کے لیے تیار ہیں۔

سال 2021 ترقی کا سال ہوگا۔ ہماری صنعتیں چل پڑی ہیں۔ سیمنٹ کی صنعت اور ٹیکسٹائل کی صنعت میں نمو دیکھی گئی ہے۔ 2021 میں کاروبار دوست پالیسی بنائیں گے۔ جو دولت پیدا ہوگی اسے ہم عوام کو غربت سے نکالنے پر خرچ کریں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان میں رواں سال کے آخر میں یونیورسل صحت کوریج فراہم کردیں گے۔ احساس پروگرام کے ذریعے ایک اور پروگرام متعارف کرانے لگا ہوں جس کے تحت ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان میں کوئی بھوکا نہ سوئے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار حماد اظہر نے کہا کہ پوری دنیا آج تسلیم کررہی ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں ہم نے تیزی سے اقدامات کیے۔ ‏جب حکومت سنبھالی تو برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ ہورہا تھا مگر بہتر حکمت عملی سے ان تمام بحرانوں پر قابو پالیا ہے۔

‏کورونا کے مقابلے کے ساتھ ساتھ ہم نے معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات کیے، ہمیں بڑی مشکل صورتحال کا سامنا تھا کیونکہ ماضی میں معیشت کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ حکومت سنبھالتے ہی ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے لیکن وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں معیشت کو منزل کی جانب گامزن کیا۔