میرے دور اقتدار کی کامیابیوں کو یاد رکھا جائے گا: صدر ٹرمپ
- ہفتہ 02 / جنوری / 2021
- 4160
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کے دور اقتدار کی کامیابیوں کو یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے نے اب تک جو بائیڈن کے خلاف شکست کو رسمی طور پر قبول نہیں کیا۔
فلوریڈا سے وائٹ ہاؤس میں واپسی پر ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے اپنے دور اقتدار میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور معیشت کو مستحکم بنانے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں انتہائی کم مدت میں کووڈ۔19 کی ویکسین تیار کر لی گئی ہے اور انہوں نے اس بارے میں درست پیش گوئی کر دی تھی۔
پروگرام کے مطابق صدر ٹرمپ کو فلوریڈا میں مارا لاگو ریزارٹ میں نئے سال کی آمد کی تقریب میں شرکت کرنا تھی۔ تاہم وائٹ ہاؤس نے ان کی قبل از وقت وائٹ ہاؤس میں واپسی کی وجہ نہیں بتائی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں دفاع سے متعلق قانونی مسودے کو ویٹو کیا ہے اور کووڈ۔19 کے حوالے سے امریکی ٹیکس دہندگان کو اضافی امدادی چیک روانہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تاہم رپبلکن جماعت کے کلیدی رہنما مچ میکانل نے امداری رقوم کے چیک کو 600 ڈالر سے بڑھا کر 2000 ڈالر کرنے کی تجویز پر کانگریس میں جلد رائے شماری کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ منتخب صدر جو بائیڈن نئے سال کی تعطیلات ڈیلاویئر میں ساحل سمندر کے قریب واقع اپنے گھر میں گزار رہے ہیں۔ تاہم وہ نئے سال سے متعلق این بی سی کے ڈِک کلارک کے خصوصی شو میں شرکت کریں گے۔