پاکستان میں تعلیمی ادارے 18 جنوری سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ

  • سوموار 04 / جنوری / 2021
  • 5360

پاکستان میں 18 جنوری سے تمام تعلیمی ادارے تین مراحل میں کھولے جائیں گے۔ یہ اعلان وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کیا ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس بریفنگ میں بتایا کہ 18 جنوری سے نویں، دسویں اور گیارہویں جماعتوں میں تعلیمی سلسلہ بحال ہو گا۔  شفقت محمود کے مطابق 25 جنوری سے پرائمری سے آٹھویں جماعت تک کے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے جب کہ یکم فروری سے جامعات اور دیگر اعلیٰ تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔‏

وفاقی وزیرِ تعلیم کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے تاہم 14 اور 15 جنوری کو صحت کی صورتِ حال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ تعلیی ادارے بند ہونے سے کورونا کیسز میں کمی آئی ہے جب کہ کورونا کی دوسری لہر میں کافی حد تک ٹھہراؤ آگیا ہے۔