صدر ٹرمپ نے انتخابی نتیجہ تبدیل کرنے کے لئے فون کیا

  • سوموار 04 / جنوری / 2021
  • 5280

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست جارجیا کے الیکشن آفیشل کو فون کر کے اُنہیں صدارتی انتخاب کا نتیجہ بدلنے پر زور دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ہفتے کو جارجیا کے الیکشن افسر اور ری پبلکن سیکرٹری آف اسٹیٹ بریڈ ریفنسپرگر کو فون کر کے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ آپ میرے لیے 11 ہزار 780 ووٹوں کا انتظام کریں تاکہ ہم ریاست میں جیت سکیں‘۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے صدر ٹرمپ اور الیکشن افسر کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آڈیو حاصل کر لی ہے اور اتوار کو اس گفتگو کو شائع بھی کیا ہے۔  ایک گھنٹہ طویل  گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے بریڈ ریفنسپرگر پر حملے کیے اور انہوں نے ریاست میں تین مختلف مقامات پر ووٹوں کی گنتی کی درستی پر اعتراض اٹھایا۔

جارجیا کے الیکشن حکام سے ہونے والی گفتگو سے متعلق صدر ٹرمپ نے اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے بریڈ ریفنسپرگر سے فلٹن کاؤنٹی میں ہونے والے ووٹنگ فراڈ پر بات کی تھی۔ صدر ٹرمپ کے بقول بریڈ اُن کے سوالات کے جواب نہیں دے سکے اور ان کے پاس مردہ لوگوں کے ووٹ ڈالنے، غلط بیلٹنگ اور خفیہ بیلٹ کی جعل سازی سے متعلق کوئی جواب نہیں تھا۔

صدر ٹرمپ کی ٹوئٹ کے بعد بریڈ ریفنسپرگر نے اپنی جوابی ٹوئٹ میں کہا کہ ’ جناب صدر ٹرمپ آپ جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ درست نہیں۔ جلد حقیقت سامنے آ جائے گی‘۔  یاد رہے کہ ریاست جارجیا میں 1992 کے انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ کسی ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔

نو منتخب صدر جو بائیڈن نے جارجیا میں پاپولر ووٹ حاصل کرتے ہوئے تمام 16 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے۔ تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن نے مجموعی طور پر 306 اور صدر ٹرمپ نے 232 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔

صدر ٹرمپ انتخابات میں مسلسل دھاندلی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔ نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کی تیاری میں مصروف ہیں۔