عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے: وزیر اعظم

  • منگل 05 / جنوری / 2021
  • 4530

وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے حقِ خودارادیت کی یقینی فراہمی کے لیے اقدامات کرے۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 73 برس تک ظالمانہ بھارتی تسلط کا جبر سہنے کے باوجود اہلِ کشمیر نسل در نسل اپنے اس ناقابلِ انتقال حقِ خودارادیت کے مطالبے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی جانب سے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کو ایک غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خودارادیت کی ضمانت دی تھی۔

پاکستان تاریخِ جدید کے سب سے بے رحم، غیر انسانی اور غیرقانونی تسلط کے جبر سے آزادی کی جدوجہد میں اہل کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم اس دن کو اقوام متحدہ اور اس کی رکن ریاستوں کو اہلِ کشمیر سے کیے گئے اس ادھورے عہد کی یاد دہانی کے طور پر مناتے ہیں جو ابھی تک پورا نہیں ہؤا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے التماس کرتے ہیں کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اور کشمیریوں کو ان کے حقِ خودارادیت کی یقینی فراہمی کے لیے اقدامات کریں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی حق خودارادیت کو انسانی احترام کا بنیادی جزو قرار دیا ہے، ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے حوالے سے اپنی یقین دہانیوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ عالمی برادری بھارتی کی مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے حوالے سے غیر قانونی کارروائیوں سے متعلق اپنی ذمہ داری سے نظریں نہیں چرا سکتی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اس موقع پر بیان جاری کیا ہے۔  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کی بنیادی آزادیوں اور انسانی حقوق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔ ہندوستان پر زور دیا جائے کہ وہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی تحقیقات کرنے کی اجازت دے۔