عمران خان کے وفاداروں کو میں غدار کہتا ہوں: مولانا فضل الرحمٰن
- بدھ 06 / جنوری / 2021
- 6910
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم نے قوم کو آزادی اور جمہوریت کا راستہ دکھایا ہے۔ جو عمران خان کا وفادار ہے، میں اسے غدار کہتا ہوں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بنوں کے لوگوں نے آج حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ مجھے نیب کے سامنے سرینڈر کرنے کا مشورہ دیا گیا لیکن میں نے کہا وہ جنرل نیازی تھا جو سرینڈر ہو گیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ میرے آبا واجداد نے کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا۔
پی ڈی ایم کے صدر نے کہا کہ ہماری جہدوجہد ملک میں جمہوریت اور قانون کی عملداری کے لیے ہے۔ آج معیشت کو جس بحران کا سامنا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کا قتل عام کیا گیا۔ انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ برداری کے مظلوموں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گرد آزاد ہیں اور جب چاہے کسی کو قتل کردیتے ہیں۔ ڈکیتیوں کی سب سے زیادہ شرح اسلام آباد میں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف فوج کے ساتھ عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قبائیلی علاقوں اور بلوچستان سے فوج کو واپس بلا لیا جائے۔ انہوں نے عمران خان کے بیان کے حوالے سے کہا کہ 'کہتا ہے میرے پاس ٹیم نہیں، مجھے حکومت نہیں آتی لیکن اصل بات یہ ہے کہ کام کرنے والے لوگ ہیں لیکن آپ کو کسی سے کام لینا نہیں آتا'۔ پی ڈی ایم حکومت کا جنازے نکالنے کے لیے ایک جگہ جمع ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ملین مارچ کریں گے۔ پاکستان ایک آزاد ریاست ہے اور اب کسی طاقتور ملک کی کالونی بن کر نہیں رہ سکتے۔ ہمارے آباو اجداد کا نصب العین رہا ہے کہ ہم ایک آزاد اور خود مختار ملک چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اگر میں فوج کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتا، تو فوج بھی سیاست میں مداخلت نہ کرے۔ پاکستان کی معیشت مضبوط تھی تو لوگ ہم سے تجارت کرنا چاہتے تھے لیکن اس حکومت نے پاکستان دوستوں کا اعتماد ختم کردیا۔ اب کوئی یہاں آنے کو تیار نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا نہ ڈالا جاتا تو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار مل رہا ہوتا۔