ہزارہ برداری کو بلیک میلر کہہ کر وزیراعظم نے فرعونیت کا مظاہرہ کیا: مریم نواز

  • جمعہ 08 / جنوری / 2021
  • 5210

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہزارہ برداری سے متعلق وزیرا عظم عمران خان کا بیان انسانیت سے عاری ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے پریس کانفرنس نہیں کرنی تھی لیکن جب ہزارہ برداری سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کا بیان سنا کہ مجھے بلیک میل مت کریں، آپ اپنی لاشوں کو دفنائیں تب ہی میں آپ کے پاس واپس آؤں گا۔ عمران خان کے اس بیان کے بعد میں قوم سے بات کیے بغیر نہیں رہ سکی۔

مریم نواز نے وزیر اعٖظم عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہزارہ برداری کمزور طبقہ ہے جسے سیکیورٹی کی ضرورت ہے لیکن آپ اس میں ناکام اور فیل ہوئے۔ آپ کی اس نااہلی کی وجہ سے وہاں پر دہشت گردی کا واقعہ ہوا اور کان کنوں کے گلے کاٹے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ برداری اپنے مردوں کو زندہ کرنے کا مطالبہ نہیں کررہی بلکہ یہ لوگ رحم کی اُمید کررہے ہیں۔ وہ آپ سے صرف یہ کہہ رہے تھے کہ آپ آکر شفقت کا ہاتھ رکھ دیں۔  ہزارہ برداری ہمدردی کے دو بول چاہتے تھے۔ انہوں نے صرف یہ کہا  ہے کہ وزیرا عظم یہاں آکر یقین دلائیں کہ اب دوبارہ ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔

مریم نواز نے ہزارہ برادری کی غمزدہ خواتین کی تصاویر بھی دکھائیں اور کہا کہ کیا یہ بلیک میلر ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا فرض ہے کہ وہ ہزارہ برداری کے غم میں شریک ہوں۔  ہزارہ برداری کو بلیک میلر کہہ کر جس غرور، تکبر اور سفاکی پر مبنی بیان دیا گیا ہے اس کے بعد ہم صرف آپ کے لیے دعا ہی کرسکتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ 'یہ فرعونیت ہے'۔  انہوں نے کہا کہ اگر یہ صورتحال آپ کے گھر میں پیش آتی تو کیا آپ انہیں بھی بلیک میلرز کہتے۔  وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ مردہ دفن کیے جانے کے بعد آپ کا دورہ کوئی معنی نہیں رکھتا، اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

اگر تکبر اور ہٹ دھرمی کا کوئی چہرہ ہوتا تو وہ عمران خان جیسا ہوتا۔  انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کلیئرنس ہمیں بھی نہیں ملی تھی لیکن ہم وہاں گئے اور جو کرسکے وہ کیا۔ لیکن میں اور قوم سوال کرتے ہیں کہ 22 کروڑ افراد کی زندگی سے زیادہ آپ کی زندگی اہم اور قیمتی ہے۔ اس کا جواب آپ کو دنیا اور آخرت میں دینا پڑے گا۔ آج بتایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات نہیں مگر عمران خان کی انا اور ضد تھی۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ پھر آپ کہتے ہیں کہ فوج سب جانتی ہے۔ کیا فوج جانتی ہے کہ آپ کتنے بزدل ہیں، آپ کی نااہلی سے 22 کروڑ عوام متاثر ہورہے ہیں۔ کیا سلیکٹرز جانتے ہیں کہ ان کے انتخاب کی وجہ سے دوست ناراض ہوئے، خارجہ پالیسی برباد کردی، گورننس کا ستیاناس کیا اور اب مظلوموں کو بلیک میلرز کا لیبل دے کر انسانیت کی توہین کی گئی ہے۔