ٹرمپ کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کردیا گیا
- ہفتہ 09 / جنوری / 2021
- 6160
امریکی سوشل میڈیا کمپنیوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ بند کردیے ہیں۔ ان پر تشدد کی حوصلہ افزائی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اگرچہ فیس بک اور انسٹا گرام نے 20 جنوری کو جو بائیڈن کے صدر کا عہدہ سنبھالنے تک یہ پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن ٹوئٹر نے ٹرمپ کا ذاتی اکاؤنٹ مستقل طور سے بند کردیا ہے۔ ٹرمپ پر الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ انہوں نے اپنے دور صدارت میں متعدد بار اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر متعلقہ قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔
ٹوئٹر صدر ٹرمپ کے لئے اپنے حامیوں سے مواصلت کا اہم ترین ذریعہ رہا ہے۔ ان کے اس میڈیم پر 88 ملین فالورز ہیں۔ خیال کیا جارہ اہے کہ اس پابندی سے ٹرمپ کے لئے اپنا سیاسی پیغام عام لوگوں تک پہنچانا مشکل ہوجائے گا۔ بعد میں صدر ٹرمپ نے امریکہ صدر کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس پابندی کو ڈیموکریٹ پارٹی اور بائیں بازو کی سازش قرار دیا لیکن ٹوئٹر نے تھوڑی دیر بعد ہی یہ پیغامات ہٹا دیے۔
جمعے کو ایک ٹوئٹ میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ نو منتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس اقدام سے انتقالِ اقتدار کی صدیوں پرانی روائت ٹوٹ جائے گی۔ جس کے مطابق سبکدوش ہونے والا صدر، نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ سے پہلے صدر اینڈریو جانسن نے نو منتخب صدر کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔ صدر ٹرمپ 152 سال بعد پہلے ایسے صدر ہوں گے جو کہ نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوں گے۔
صدر ٹرمپ کی مدتِ صدارت ختم ہونے میں اگرچہ دو ہفتے سے کم وقت باقی ہے۔ تاہم ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔