پاکستان میں بجلی کے مکمل بریک ڈاؤن بعد بتدریج بحالی

  • اتوار 10 / جنوری / 2021
  • 7450

بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوئنسی کے اچانک صفر ہونے سے ملک بھر میں رات گئے ہونے والے بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے بعد بتدریج بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔ تاہم اب بھی ایک بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔

واضح رہے کہ رات گئے ملک میں ہونے والے بجلی بریک ڈاؤن سے پوری ٹراننسمیشن، 22 ہزار میگا واٹ کی ترسیل اور تقسیم کا نظام ٹرپ کرگیا۔ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہروں اور علاقوں میں تاریکی چھاگئی۔ پاکستان کے وزیرِ توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا بریک ڈاؤن گدو پاور پلانٹ میں خرابی کی وجہ سے ہوا جس کے بعد دیگر بجلی گھر بھی بند ہو گئے۔ فالٹ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم اس میں وقت لگے گا۔

اتوار کو وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ گدو میں ںقص کے بعد تربیلا اور منگلا بجلی گھروں سے بھی 10 ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ گدو پاور پلانٹ پر نقص ہفتے کی رات گیارہ بج کر 41 منٹ پر آیا۔ اچانک فریکونسی 50 سے صفر ہو گئی۔ تاہم تربیلا اور منگلا کو ری اسٹارٹ کیا گیا جس کے بعد مرحلہ وار ملک بھر میں بجلی کی فراہمی بحال کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزرا کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں نے زیادہ توجہ بجلی کی پیداوار پر دی جب کہ اسے گھروں تک پہنچانے اور ترسیلی نظام کو فعال بنانے کے لیے کوئی کام نہیں ہوا۔ تاہم پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستان میں ہفتے کی شب پونے بارہ بجے کے لگ بھگ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا تھا۔  ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر بجلی بحال ہے اور فلائٹ آپریشن بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔

اسلام آباد اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنیز کے حکام نے دونوں شہروں میں بجلی کی مکمل بحالی کا دعویٰ کیا ہے۔  لاہور میں بجلی کی بندش کے باعث اورنج لائن ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی۔  کراچی کے کئی علاقوں میں بھی تاحال بجلی کا نظام بحال نہیں ہو سکا۔ کراچی الیکٹرک کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں مرحلہ وار بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے۔ تاہم مکمل بحالی میں چند گھنٹے لگیں گے۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام اہم شہر بجلی سے محروم ہو گئے۔ انٹرنیٹ پر نظر رکھنے والی کمپنی 'نیٹ بلاکس' کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے پورے ملک میں انٹرنیٹ کی فراہمی میں بھی خلل پڑا۔

پاکستان میں ماضی میں بھی بجلی کے بریک ڈاؤن ہوتے رہے ہیں۔ 2015 میں دہشت گردوں نے بجلی کی ٹرانسمیشن لائن پر حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے ملک کے 80 فی صد حصے کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی تھی۔  پاکستانی تاریخ میں ہونے والے اس بریک ڈاؤن کی وجہ سے دارالحکومت سمیت ملک کے اہم شہر بجلی سے محروم ہو گئے تھے۔