کوالالمپور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا مسافر طیارہ روک لیا گیا

  • جمعہ 15 / جنوری / 2021
  • 8660

ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 روک لیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق پی آئی اے اور ایک دوسرے فریق کے مابین برطانیہ کی عدالت میں قانونی تنازع زیر التوا ہے۔ اس حوالے سے ملائیشیا کی مقامی عدالت کے یک طرفہ حکم پر طیارے کو روکا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ طیارے میں سوار مسافروں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے اور ان کے سفر کے متبادل انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صورتحال ناقابل قبول ہے اور پی آئی اے حکومت پاکستان کے تعاون سے یہ معاملہ سفارتی ذرائع سے اٹھانے میں مصروف ہے۔ رپورٹس کے مطابق بی ایم ایچ رجسٹریشن کا حامل بوئنگ طیارہ لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے کے باعث روکا گیا ہے۔

طیارے کی قابل ادا رقم کی مالیت مبینہ طور پر 14 ملین ڈالرز ہے اور اس ضمن میں لندن کی عدالت میں معاملہ ثالثی کے مراحل میں ہے۔ ثالثی کے باوجود لیز کمپنی نے ملائیشیا کی مقامی عدالت سے طیارہ روکنے کا حکم نامہ جاری حاصل کرلیا اور عدالتی حکم پر طیارے کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا۔

قانونی تنازع کے حوالے سے ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پیریگیرن پارٹی اور ہمارے درمیان ادائیگی کا تنازع ہے جو 6 ماہ قبل برطانیہ کی عدالت میں دائر کیا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے تنازع کی مزید تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کی عدالت نے یکطرفہ فیصلہ سنایا ۔ جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ روکے جانے سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے بتایا کہ ملائیشیا میں  پاکستانی ہائی کمیشن معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے پی آئی اے اور ملائیشین حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جارہی ہے اور ان کے لیے پاکستان کے سفر کے متبادل انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ مسافر آج رات کوالالمپور سے امارات ایئرلائن کی پرواز سے پاکستان آئیں گے۔