جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کے دورہ پر پہنچ گئی
- ہفتہ 16 / جنوری / 2021
- 4340
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کے دورے پرپہنچی ہے۔ دونوں ملکوں کےدرمیان ٹیسٹ سیریز کے علاوہ ٹی تونٹی مقابلے بھی ہوں گے۔
جنوبی افریقہ کے اسکواڈ کا کراچی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں مکمل سیکیورٹی میں ہوٹل تک پہنچایا گیا۔ 2007 کے بعد پہلی بار پاکستان کے دورے پر آنے والی مہمان ٹیم کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ اور ان کا کورونا ٹیسٹ بھی ہوگا۔
جن کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ منفی آئے گا انہیں اتوار سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4-8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
جنوبی افریقہ نے اس سے قبل 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور کراچی ٹیسٹ میں 160 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز جیت لی تھی۔ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔ اس دوران پاکستان اپنی تمام ہوم سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر کرتا رہا تھا۔
پاکستان نے 2010 اور 2013 میں دو مرتبہ متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں جنوبی افریقہ کی میزبانی کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 1995 سے اب تک کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں سے جنوبی افریقہ نے 7 میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستان اب تک صرف ایک سیریز جیتنے میں کامیاب رہا جو 2003 میں کھیلی گئی تھی۔
پاکستان کے دورے پر آئی جنوبی افریقی ٹیم کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: کوئنٹن ڈی کوک (کپتان)، ٹیمبا باووما، ایڈِن مرکرم، فاف ڈیوپلیسی، ڈین ایلگر، کگیسو ربادا، ڈیوائن پریٹوریَس، کیشو مہاراج، لُنگی نِگیدی، راسی وین در دوسِن، آنرِچ نورجے، وِیان مُلڈر، لوتھو سِپاملا، بیوران ہینڈرِکس، کائل ویرنے، سارل اَروی، کیگان پیٹرسن، تبریز شمسی، جارج لِنڈے، ڈارین ڈوپاویلن اور اوٹینیل بارٹ مین۔